نئی دہلی:بھارت کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات (IMD) نے 6 اگست کے لیے کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ شمالی بھارت کے بیشتر علاقوں سمیت مشرقی، شمال مشرقی، وسطی اور جنوبی بھارت کی متعدد ریاستوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، لداخ، اتراکھنڈ، مشرقی اتر پردیش، مغربی اتر پردیش، ہریانہ، چندی گڑھ اور دہلی میں بارش کا امکان ہے۔
وسطی بھارت میں مغربی مدھیہ پردیش میں 6 اگست کو موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ مشرقی مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ چھتیس گڑھ کے بعض علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ بھی بتایا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مشرقی اور شمال مشرقی بھارت میں انڈمان و نکوبار جزائر، بہار، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، سکم، جھارکھنڈ اور اوڈیشہ میں بارش کی پیش گوئی ہے۔ اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ منی پور، ناگالینڈ، میزورم اور تریپورہ کے لیے بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
مغربی بھارت میں مدھیہ مہاراشٹر، مراٹھواڑہ، سوراشٹرا، کچھ اور گجرات میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح کونکن اور گوا میں 6 اگست کو انتہائی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
جنوبی بھارت میں تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، جبکہ کیرالہ، ماہے، ساحلی کرناٹک اور جنوبی اندرونی کرناٹک کے بعض علاقوں میں انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کیرالہ، ماہے، لکشدیپ، شمالی اندرونی کرناٹک، ساحلی آندھرا پردیش، رائل سیما اور یانم میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔