ممبئی،10جون.ونچت بہوجن اگھاڑی(وی بی اے) کے سربراہ اور دلت رہنماء پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی2019 الیکشن میں مسلم اور دلتوں کا کردار اہم ہوگا اور کہاکہ ملک اس وقت جمہوریت کے ذریعے حاصل کی گئی حکومت کی ڈکٹیٹر شپ کی جانب گامزن ہے اور یہ انتخاب ای وی ایم کی گڑبڑ سے ہوا ہے جس کے بھرپور شواہد ان کے پاس موجود ہیں، اس کیلئے وہ بہت جلد ملک گیر پیمانے پر ای وی ایم کے خلاف تحریک چھیڑیں گے۔
پرکاش امبیڈکر پولیس فیملی ویلفیئر کمیٹی اور سابق اے سی پی اور عوامی وکاس پارٹی کے صدرشمشیر خان پٹھان کی جانب سے المالطیفی ہال صابو صدیق کالج میں منعقدکی گئی عید ملن کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے، ونچت بہوجن اگھاڑی کے پرکاش امبیڈکر نے سبھی کو عید کی مبارکباددیتے ہوئے شمشیر خان پٹھان کے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے ہم سب کو ایک ساتھ بیٹھنے کا موقع ملنے کے ساتھ ساتھ اپنے اظہار خیال کرنے کا بھی موقع ملتا ہے۔ انہوں نے اپنی طویل تقریر میں سیاسی حالات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہم سب کی پوری کوشش ہے کہ مہاراشٹراسمبلی کے آئندہ انتخاب بیلیٹ پیپر پر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ لوک سبھا انتخاب میں ونچت بہوجن اگھاڑی کو16فیصدیوو وٹ حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے پُرزوراندام میں کہا کہ اگراسمبلی انتخاب میں دلت اور مسلم یکطرفہ ووٹ کر کے دس فیصد ووٹوں کا اضافہ کرتے ہیں تو مہاراشٹر کی حکومت میں دلتوں اور مسلمانوں کا اس میں بہت بڑا کردار ہو گا اور ہم فرقہ پرست طاقتوں سے مضبوطی سے لڑسکیں گے۔ پرکاش امبیڈکر نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ کانگریس کی غلامی چھوڑو جنہوں نے انہیں ان 73سالوں میں برباد کر دیا۔