ناندیڑ:10ڈسمبر۔(ورق تازہ نیوز)مہاراشٹراقلیتی کمیشن کے چیرمین جناب حاجی عرفات کے ناندیڑدورے کے موقع پر آج آ ل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن ناندیڑ کی جانب سے مہاراشٹر کے اردو تعلیمی اداروں کے مختلف مسائل پر مناسب فیصلہ لینے کے لئے محضر پیش کیاگیا ۔ جس میں کہاگیا کہ اقلیتی تعلیمی امورپر ریاستی سطح پرقائم شدہ کمیٹی کی سفارشات پرجلداز جلد عمل آوری کی جائے ‘ اقلیتی تعلیمی اداروں میں سرپلس اساتذہ کاتقررعمل میں نہ لایاجائے ‘ اقلیتی تعلیمی اداروں میں TET امتحان کامیاب امیدواروں کاتقرر کیاجائے ‘ موجودہ خالی اسامیوں کو جلد از جلد پُر کیاجائے ‘ اقلیتی اسکالرشپ کے طریقہ کار کوآسان کرکے زیادہ سے زیادہ طلباءکو فائدہ پہنچایاجائے ‘اقلیتی تعلیمی ادارے جو گرانٹ کے قابل ہوچکے ہیں انھیں فوری گرانٹ منظور کی جائے۔ ان مطالبات پر چیرمین اقلیتی کمیشن نے کہا کہ وہ حکومت مہاراشٹرسے اس تعلق سے فی الفور اقدامات کرنے کیلئے سفارش کریں گے۔ آئیٹا کے وفد میں ناندیڑضلع صدر شیخ عبداللہ ‘ ضلع سیکریٹری شیخ سمیر سر اور ناندیڑ یونٹ کے صدرشکیل سر موجود تھے۔