ناندیڑ :10دسمبر (عبدالرحمٰن) :ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمن حاجی عرفات شیخ کے ناندیڑدورے کے موقع پر آل انڈیا تنظیم انصاف کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور مسلم اقلیت کے مختلف دیرینہ مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ان کے مستقل حل کی اپیل کی۔اس موقع پر حاجی عرفات کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ مسلم سماج کی تعلیمی و معاشی ترقی کےلئے ریاستی حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
مذکورہ جانکاری آل انڈیا تنظیم انصاف کے ضلع صدر عبدالبشیر ماجد نے دی۔تفصیلات کے بموجب ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین حاجی عرفات شیخ نے گزشتہ روز ناندیڑ کا دورہ کیا۔اس دورے میں انہوں نے مسلمانوںسمےت سکھ، بدھ، جین، عیسائی اور پارسی سماج کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی.
مسلمانوں کی مختلف سماجی،تعلیمی و ملی تنظیموں کے وفود نے بھی حاجی عرفات سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے سامنے اپنے مطالبات رکھے۔اسی سلسلہ میں معروف سماجی تحریک ’تنظیم انصاف‘کی جانب سے قومی سیکریٹری فاروق احمد کی قیادت میں ایک وفد نے حاجی عرفات سے ملاقات کی۔وفد نے مسلمانوں اور بالخصوص مسلم تعلیمی اداروں کے مختلف دےرینہ مسائل پر چیئرمن موصوف سے گفتگو کی۔وفد نے ان سے اپیل کی کہ ان مسائل کی یکسوئی اور مطالبات کی مستقل بنےادوں پر تکمیل کےلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
وفد نے چیئرمین حاجی عرفات کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔اس میمورنڈم میں بےان کیا گیا کہ ملک سمیت ریاست بھر میں مسلم سماج کی تعلیمی ،معاشی و سماجی صورتحال انتہائی دگرگوں ہوتی چلی جارہی ہے۔مختلف حکومتوں کی جانب سے قائم کردہ مختلف کمیشنوں نے بھی اس بات کی توثیق کرتے ہوئے مسلمانوں کی حالت میں سدھار کےلئے حکومتوں کو ہنگامی اقدامات کرنے کی تجاویز پیش کی ہیں۔اس کے باوجود حکومتوں کی جانب سے مسلمانوں کو اصل سماجی دھارے میں شامل کرنے کےلئے جو اقدامات کئے جارہے ہیں وہ ناکافی ہیں۔میمورنڈم میں مطالبات درج تھے کہ اردو اساتذہ کی بھرتی کے لئے لازمی کردہ ٹی ای ٹی کامیاب کی شرط کو فوری منسوخ کیا جائے؛ضلع بھر میں متعدد اردو تعلیمی ادارے ناگفتہ بہ صورتحال سے دوچار ہیں۔ایسے کمزو تعلیمی اداروں کو تقویت پہنچانے کےلئے اقدامات کئے جائیں؛ ناندیڑ شہر میں تعمیر کردہ اردو گھر کا جلد از جلد افتتاح کرتے ہوئے اسے اردو عوام کےلئے وقف کیا جائے؛مسلمانوں کی معاشی و تعلیمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں ریزرویشن دیا جائے؛ بے روزگار مسلم نوجوانوں کو خودروزگار کےلئے بلاسودی قرض فراہم کیا جائے۔
اس وفد میں آل انڈیا تنظیم انصاف کے قومی سیکریٹری فاروق احمد، ناندیڑ ضلع صدرعبدالبشیر ماجد، شہر صدر محمد فہیم، شہر سیکریٹری محمد اظہرشہر جوائنٹ سیکریٹری معین قریشی ، فرح ناز وغیرہ شامل تھے۔