مولانا آزاد کارپوریشن کی جانب سے تھانے ضلع میں دس طلبہ کو 51 لا کھ روپے کی مالی امداد طلبہ نے ایم پی نریش مہسکے اور ڈاکٹر اصغر مقاد م کا شکریہ ادا کیا

مولانا آزاد کارپوریشن کی جانب سے تھانے ضلع میں دس طلبہ کو 51 لاکھ روپے کی مالی امداد

طلبہ نے ایم پی نریش مہسکے اور ڈاکٹر اصغر مقادم کا شکریہ ادا کیا

تھانے (آفتاب شیخ) –

تھانے ضلع کے انجینئرنگ، میڈیسن اور دیگر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے دس طلبہ کو مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے کم شرح سود پر 51 لاکھ 43 ہزار 600 روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی۔ یہ سہولت کارپوریشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اصغر مقادم کی کوششوں اور تھانے کے رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے کی رہنمائی کے سبب ممکن ہو سکی۔

تھانے کے آنند آشرم میں منعقدہ تقریب میں ان طلبہ نے ایم پی نریش مہسکے اور ڈاکٹر اصغر مقادم کا تعاون اور رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم پی نریش مہسکے نے کہا کہ تھانے اور کوکن کے اقلیتی طلبہ و نوجوان اس اسکیم سے بڑے پیمانے پر فائدہ اٹھا رہے ہیں اور اب تک کروڑوں روپے براہِ راست طلبہ کے کھاتوں میں جمع کرائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقصد یہ ہے کہ اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کیا جائے۔

مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی کارپوریشن مہاراشٹر حکومت کے تحت قائم ایک اہم ادارہ ہے، جو اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو تعلیم، صنعت اور خود روزگار کے لیے کم شرح سود پر قرض فراہم کرتا ہے۔ مخلوط حکومت کے دوران اس بورڈ کو خصوصی مالی فراہمی کی گئی اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے تعاون سے تھانے میں رابوڑی سے متصل روتو پارک ایک دفتر بھی کھولا گیا۔

ڈاکٹر اصغر مقادم نے کہا کہ وہ ایم پی نریش مہسکے کی رہنمائی میں ہر ماہ اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو تعلیم، کاروبار اور خود روزگار کے لیے مالی امداد فراہم کرنے کی مخلصانہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی تقرری کے بعد اقلیتی طلبہ کے لیے زیادہ بڑی رقوم دستیاب ہوئی ہیں، جو طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

اس موقع پر ضلع منیجر تھانے ابھیشیک رام ناتھ جادھو، کلرک ٹائپسٹ پرشانت کدم اور حیدر شیخ بھی موجود تھے۔ تقریب میں موجود طلبہ نے کہا کہ اس سہولت کی بدولت ان کی تعلیمی مشکلات میں بڑی آسانی پیدا ہوئی ہے اور وہ دل سے ایم پی نریش مہسکے اور ڈاکٹر اصغر مقادم کے شکر گزار ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading