کتنی بلیک منی ملک کو واپس لائی گئی ؟ تفصیلات فراہم کرنے سی آئی سی کی ہدایت
نئی دہلی ۔ 22 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی نے 2014 ء کی انتخابی مہم میں عوام سے یہ وعدہ کیا تھا کہ بیرونی ملکوں اور وہاں کی بنکوں میںجمع کی گئی بلیک منی کو ملک واپس لایا جائے گا اور ہر ہندوستانی کے بنک اکاؤنٹ میں فی کس 15لاکھ روپئے جمع کروائیں جائیں گے لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ مودی کے اقتدار میں آئے تقریباً ساڑھے چار سال کا عرصہ ہورہا ہے اس کے باوجود ہندوستانیوں کے بنک اکاؤنٹس میں 15 لاکھ روپئے تو دور کی بات ہے بیالنس کی اقل ترین حد نہ ہونے کے بہانہ صارفین کی رقم بطور جرمانہ حاصل کرتے ہوئے سرکاری خزانہ میں منتقل کی جارہی ہے۔ عوام مودی جی سے یہ سوال کرتے کرتے تھک گئے ہیں کہ آخر 15 لاکھ روپئے ہر ہندوستانی کے بنک اکاؤنٹ میںکب آئیں گے ؟ تاہم اب ہندوستان کے چیف انفارمیشن کمشنر (CIC) رادھا کرشنا ماتھر یہی سوال مودی حکومت سے کررہے ہیں کہ آخر اُس نے بیرونی ملکوں کے بنکوں میں غیرقانونی طورپر جمع کرواکر رکھی گئی رقم یعنی بلیک منی میں سے کتنی رقم ہندوستان واپس لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انھوں نے مودی حکومت سے یہ بھی دریافت کیا ہے کہ آخر کتنے ہندوستانیوں کے بنک اکاؤنٹس میں مرکزی حکومت نے پندرہ پندرہ لاکھ روپئے جمع کروائے ہیں۔ چیف انفارمیشن کمشنر کے ان سوالات سے مودی حکومت اور بی جے پی قائدین میں کھلبلی مچ گئی ہے اور ان کے چہروں پر ہوائیں اُڑھنے لگی ہیں۔ شائد انھیں اندازہ ہوگیا ہے کہ عوام میں اس تعلق سے شدید برہمی پائی جاتی ہے ۔ سی آئی سی نے دفتر وزیراعظم کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد سے جلد بلیک منی واپس لانے اور ہندوستانی شہریوں کے بنک اکاؤنٹس میں رقومات جمع کروانے سے متعلق تفصیلات پیش کریں۔ سی آئی سی میں حق معلومات ( آر ٹی آئی ) کے تحت اس ضمن میں ایک درخواست داخل کی گئی تھی اور یہ درخواست انڈین فارسٹ سرویس آفیسر سنجے چترویدی نے داخل کی ان کی ہی درخواست پر سی آئی سی نے 2014 ء اور 2017 ء کے درمیان مرکزی وزراء کے خلاف رشوت ستانی و بدعنوانیوں کے جو شکایات پیش کی گئی تھیں اندرون 15 یوم اس تعلق سے بھی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی ، یہ ہدایات 16 اکتوبر کو جاری کی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چترویدی کی درخواست پر مرکزی حکومت معلومات فراہم کرنے سے انکار کررہی تھی اور یہ کہہ رہی تھی کہ بلیک منی کی بارے میں معلومات آر ٹی آئی کے تحت یا اُس کے دائرہ میں نہیں آتے ۔