ممبرا ٹرین حادثے کے بعد ایم این ایس کا تھانے میں احتجاجی مارچ
ریلوے انتظامیہ کی لاپرواہی پر سنگین الزامات، فوری اقدامات کا مطالبہ
تھانے، 10 جون (آفتاب شیخ)
ممبرا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیر کی صبح پیش آنے والے خوفناک لوکل ٹرین حادثے کے بعد مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) حرکت میں آگئی ہے۔ حادثے کے بعد ایم این ایس نے تھانے کے گاودیوی میدان سے تھانے ریلوے اسٹیشن تک ایک زبردست احتجاجی مارچ نکالا۔ اس مظاہرے کی قیادت ایم این ایس تھانے ضلع صدر اویناش جادھو نے کی، جس میں مقامی شہریوں اور مسافروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مارچ کے دوران تھانے ریلوے اسٹیشن کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔
اس موقع پر ایم این ایس لیڈروں نے ریلوے انتظامیہ پر سخت الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر ناقص انتظامات، سہولیات کی کمی اور بار بار پیش آنے والے حادثات عام مسافروں کی زندگیوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکے ہیں۔ اویناش جادھو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ تقریباً 20 افراد ممبئی ریلوے نیٹ ورک پر حادثات کا شکار ہوتے ہیں، جبکہ گزشتہ 15 برسوں میں 51 مسافروں کی جان جا چکی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ تین ماہ قبل ایم این ایس نے ریلوے کو ممکنہ حادثے کے حوالے سے تحریری اطلاع دی تھی، لیکن کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔
احتجاج کے دوران ایم این ایس نے ریلوے انتظامیہ کے سامنے کئی مطالبات بھی رکھے، جن میں لوکل ٹرینوں کی گنجائش اور مسافروں کی تعداد کے متعلق شفاف معلومات فراہم کرنا، دیوا سے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس کے درمیان نئی لوکل شروع کرنے کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنا، ریلوے حادثات میں مرنے والوں کے لواحقین کا معاوضہ بڑھا کر 25 لاکھ روپے کرنے سمیت دیگر اہم نکات شامل تھے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 15 برسوں میں پیش آنے والے 45 ہزار ریلوے حادثات اور ان سے متعلق زیر التواء معاملات کی تفصیلات بھی مانگی گئیں۔
ایم این ایس نے ریلوے انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبات پر فوری غور نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید شدت دی جائے گی۔ عوامی سطح پر بھی ریلوے کی لاپرواہی کے خلاف شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے، اور ایم این ایس کا کہنا ہے کہ اب یہ تحریک صرف پارٹی کی نہیں بلکہ عام شہریوں کی تحریک بن چکی ہے، جسے پورے زور و شور سے آگے بڑھایا جائے گا۔