ممبئی میں 33 مقامات پر سی بی آئی کی چھاپہ ماری، پاسپورٹ سیوا کیندروں پر بدعنوانی کا معاملہ

ممبئی:(ایجنسیز)ممبئی میں بدعنوانی سے متعلق شکایتوں پر سی بی آئی کی ایک بڑی کارروائی دیکھنے کو ملی ہے۔ دراصل ممئی میں دو پاسپورٹ سیوا کیندروں میں بدعنوانی کی شکایت سی بی آئی کو ملی تھی جس کے بعد آج مہاراشٹر میں 33 مقامات پر چھاپہ ماری کی گئی۔ سی بی آئی کی چھاپہ ماری میں ممبئی اور ناسک ضلع میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی گئی جس میں کئی ڈیجیٹل اشیاء، دستاویزات اور دیگر قابل اعتراض مواد ضبط کی گئیں۔افسران کا کہنا ہے کہ سی بی آئی نے لووَر پریل اور ملاڈ میں پاسپورٹ سیوا کیندر کے بچولیوں اور افسران سے جڑے ایک بدعنوانی ریکٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔

سی بی آئی نے اپنی 12 ایف آئی آر میں 18 ایجنٹس اور بچولیوں کے خلاف بھی معاملہ درج کیا ہے۔ یہ افسران ’پاسپورٹ سُویدھا ایجنٹس‘ کے ساتھ مستقل رابطہ میں تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسپورٹ سیوا کیندر کے سبھی ایجنٹس اور بچولیے ادھورے دستاویزات کی بنیاد پر یا پاسپورٹ درخواست دہندہ کی ذاتی تفصیل میں ہیرا پھیری کر کے پاسپورٹ جاری رکنے کے بدلے غیر ضروری فائدہ حاصل کرتے تھے۔

اس معاملے میں 26 جون کو وزارت خارجہ کے ویجلنس محکمہ کے ساتھ پاسپورٹ سیوا کیندر میں جوائنٹ سرپرائز انسپکشن کے دوران اس بدعنوانی کا انکشاف ہوا۔ اس دوران موبائل فون، سوشل میڈیا چیٹ اور یو پی آئی ادائیگی کے جائزہ سے کئی لاکھ روپے کی مشتبہ لین دین کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افسران کے مطابق ملزم افسران پاسپورٹ سیوا کیندر میں جونیئر اور سینئر پاسپورٹ اسسٹنٹس کے عہدے پر فائز ہیں۔ یہ کئی پاسپورٹ سُویدھا ایجنٹس اور دلالوں کے ساتھ ملی بھگت کر کے کام کر رہے تھے اور اپنے یا اپنے کنبوں کے اراکین کے بینک اکاؤنٹس میں ناجائز طریقے سے پیسے لے رہے تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading