ممبئی بارش کا قہر: بیسمنٹ میں موجود لفٹ میں پانی بھر جانے کے باعث دو سکیورٹی گارڈ ہلاک

ممبئی ، 23 ستمبر (یو این آئی) ممبئی میں ہو رہی موسلادھار بارش کے باعث اگریپاڑہ علاقہ کی ایک عمارت کے بیسمینٹ میں پانی بھر جانے اور یہ پانی عمارت کی لفٹ میں داخل ہوجانے کی وجہ سے لفٹ میں موجود عمارت کے دو سکیورٹی گارڈز کو اپنی جان گنوانی پڑی۔ یہ سانحہ آج بدھ کو صبح تقریبا آٹھ بجے کالا پانی جنکشن کے قریب ناتھانی ریسیڈینسی میں ہوا۔


تفصیلات کے مطابق، عمارت کے دو سکیورٹی گارڈ، بلڈنگ کے بیسمنٹ میں پانی چالو کرنے کیلئے گئے تھے۔ لیکن یہاں پر موسلادھار بارش ہونے کی وجہ سے پانی بھر گیا تھا۔ جس کی وجہ سے دونوں ہی سکیورٹی گارڈ لفٹ میں گئے اور لفٹ کا دروازہ بند کیا، لیکن لفٹ چالو نہیں ہوئی اور لفٹ کا دروازہ بھی نہیں کھلا، اس کے بعد انہوں نے خطرے کا الارم بجایا۔ جس پر عمارت کے مکینوں نے فوری بیسمنٹ میں جا کر لفٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن لفٹ نہیں کھلی اور اس دوران پانی پوری طرح سے بیسمنٹ میں بھر گیا اور پانی لفٹ میں بھی بھرنے لگا۔ موقعہ پر موجود لوگوں نے آتش فرو دستہ ( فائر بریگیڈ) کو اطلاع دی ۔


آتش فرو دستہ نے یہاں پہنچ کر لفٹ کے اوپری حصہ کو کاٹ کر دونوں ہی سکیورٹی اہلکاروں کو باہر نکالا لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی اور دونوں کی موت ہو چکی تھی ۔ اگریپاڑہ پولیس نے حادثاتی موت کا معاملہ درج کیا ہے۔ اور مرنے والوں کی شناخت، ناتھانی ریسیڈینسی ، سکیورٹی کیبن ، اگریپاڑہ ممبئی کے رہائشی، 32 سالہ ضمیر احمد سوہنن اور کمو جعفر بلڈنگ ، روم نمبر ۳۳،میمن واڑہ ، ڈونگری ممبئی کے رہائشی،37 سالہ اور شہزاد محد صدیقی میمن کے طور پر ہوئی ہے۔ اس سانحہ کی تحقیقات پی ایس آئی کاٹلے اور پی ایس آئی سابلے کر رہے ہیں ۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading