ممبئی:26مارچ (یو این آئی) خوفناک کرونا وائرس بیماری کے پیش نظر مہاراشٹر سمیت ملک بھر میں لاک ڈاون کے باوجود عروس البلاد ممبئی اور ریاست کے مختلف اضلاع میں عوام کی ایک اچھی خاصی تعداد کو سڑکوں پر گھومنا اور مجمع لگانے کو دیکھ کر آج یہاں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی و وزیر مالیات اجیت پوار نے کہا ہے کہ اگر عوام کی سڑکوں پر آمدورفت میں فوری روک نہیں لگی تو حکومت مہاراشٹر کو فوج کے حوالے کرنے کا جلد ہی فیصلہ لے سکتی ہے-
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں لاک ڈاون کے درمیان مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف امیریکی حکومت نے بھی امریکی فوجیوں کا سہارا لیا تھا-انہوں نے کہا کہ ممبئی سمیت مہاراشٹرکی عوام حکومت کو مجبور نہ کرے کہ وہ مہاراشٹر کو فوج کے حوالے کر دے –
نائب وزیر اعلی کا یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا جب سوشل میڈیا پر ایک دودھ کی گاڑی کو لوٹتے اور وسئی نامی علاقہ میں ایک پولیس سپاہی کو موٹر سائیکل چلانے والے نوجوان کی جانب سے زدوکوب کرتے ہوئے دکھائے جانے والے ویڈیووائرل ہوا –
اسی طرح سے مالیگاوں میں مجلس اتحادالمسلمین کے رکن اسمبلی مفتی محمد اسمائیل کے ہاتھوں مالیگاوں کے سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں کے خلاف نازیبا کلمات ادا کرنے اور انہیں دھمکانے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے –
نائب وزیر اعلی نے آج یہاں اس ضمن میں اپنے کابینی وزرا ئ اور اعلی افسران سے گفتگو کی اور کہا کہ لاک ڈاون اور کرفیو کے باوجود بھی عوام بڑے دھڑلے کے ساتھ روڈ پر گھوم رہی ہے اور ڈاکٹروں پر حملہ کیا جا رہا ہے جو ناقابل برداشت ہے –
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف لڑی جانے والی اس جنگ میں جو کوئی رخنہ اندازی کرے گا اس کے ساتھ سختی کے ساتھ کارروائی کی جائے گی اور سخت سزا دی جائے گی –
اجیت پوار نے مزید کہا کہ ریاست میں دودھ، پھل، سبزی ترکاری، ادویات، اناج اور پیٹرول کا بھرپور اسٹاک موجود ہے لیکن اس کے باوجود بھی بازاروں میں عوام کی بھیڑ ایک تشویشناک امر ہے –
انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ضروری اجناس عوام الناس کو ان کے دروازے تک پہنچائے یا رہائشی سوسائٹیوں کے گیٹ تک ضروری اشیا ئ مہیا کی جائیں –
انہوں نے غیر سرکاری تنظیموں سماجی خادموں اور دیگر سے درخواست کی ہے کہ وہ بزرگ شہریوں اورخواتین کی ضرورتوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان کی ہر ممکن مدد کریں –