ملک کا پہلا ای-ٹریکٹر تھانے میں رجسٹر، کسانوں کے لیے انقلابی ق دم ای-ٹریکٹر کسانوں کی زندگی میں انقلاب لائے گا — وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک

ملک کا پہلا ای-ٹریکٹر تھانے میں رجسٹر، کسانوں کے لیے انقلابی قدم

ای-ٹریکٹر کسانوں کی زندگی میں انقلاب لائے گا — وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک

تھانے، 29 جون: (آفتاب شیخ)
ملک کا پہلا ای-ٹریکٹر آج تھانے کے علاقائی ٹرانسپورٹ دفتر (RTO) میں باضابطہ طور پر رجسٹر کیا گیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے ٹرانسپورٹ وزیر پرتاپ سرنائیک نے کہا کہ یہ ای-ٹریکٹر کسانوں کی معیشت اور ماحول دونوں کے لیے ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ سال 2030 تک سڑک پر دوڑنے والی گاڑیوں میں سے 20 تا 30 فیصد گاڑیاں برقی ہوں۔ اسی پالیسی کے تحت ای-گاڑیوں کی خریداری پر ٹول معافی اور براہ راست سبسڈی جیسی سہولتیں دی جارہی ہیں۔ کسانوں کو اس اسکیم سے کافی فائدہ ہوگا۔ ساتھ ہی، آنجہانی انا صاحب پاٹل اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے کسانوں کو ای-ٹریکٹر خریدنے کے لیے بغیر سود قرض بھی مہیا کیا جائے گا۔

ای-ٹریکٹر بنانے والی کمپنی "آٹو نیکسٹ" کے سی ای او کوستبھ دھونڈے اور سیلز مینیجر ابھیشیک شندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمپنی کی جانب سے تیار کردہ یہ مکمل طور پر دیسی ساختہ ای-ٹریکٹر نہ صرف ماحول دوست ہے، بلکہ اس کی دیکھ بھال اور مرمت کی لاگت بھی ڈیزل ٹریکٹروں کے مقابلے میں نہایت کم ہے۔ بجلی کے استعمال پر بھی اس کی لاگت ڈیزل ایندھن کے مقابلے میں 60 تا 70 فیصد کم ہے۔

وزیر سرنائیک نے مزید بتایا کہ مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹرک وہیکل پالیسی 2025 کے تحت آٹو نیکسٹ کمپنی کے ای-ٹریکٹر کی خریداری پر کسانوں کو 1.5 لاکھ روپے تک کی سبسڈی ملے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق، ای-ٹریکٹر کے ذریعے ایک ایکڑ زمین کی جُتائی کی لاگت صرف 300 روپے ہے، جبکہ یہی کام ڈیزل ٹریکٹر سے کرنے پر 1200 سے 1500 روپے تک خرچ آتا ہے۔ اس لحاظ سے ای-ٹریکٹر کسانوں کے لیے روزمرہ کے اخراجات میں خاطر خواہ بچت کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا، "ای-ٹریکٹر مستقبل میں کسانوں کے لیے ’کیمیا‘ ثابت ہوں گے۔ یہ نہ صرف کسانوں کے لیے مالی فائدہ مند ہے، بلکہ صاف توانائی اور ماحولیات کی حفاظت کے لیے بھی ایک مضبوط قدم ہے۔"

رجسٹریشن کی اس تقریب میں تھانے کے علاقائی ٹرانسپورٹ آفیسر ہیمانگی پاٹل سمیت دیگر افسران اور معززین موجود تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading