مسلمانوں کوریزرویشن حکومت فوراً بحال کرے

مراٹھا برادری کے ریزرویشن پر وزیراعلیٰ کے بیان پر نسیم خان کا پرزور مطالبہ

ممبئی:15نومبر ۔(ورقِ تازہ نیوز) مراٹھا برادری کو دسمبر میں ریزرویشن دینے کے وزیراعلیٰ کے بیان پر آج یہاں ریاست کے سابق کابینی وزیر اور سینئر کانگریسی لیڈر محمد عارف نسیم خان نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سابقہ کانگریسی حکومت نے مسلمانوں کو جو ریزرویشن دیا تھا اور جسے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے بھی منظوری دیدی تھی، اسے فوراً بحال کیا جائے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے احمد نگر میں اعلان کیاہے کہ بیک ورڈ کمیشن رپورٹ انہیں موصول ہوگئی ہے اور مراٹھا فرقے کوجلد ہی قانونی دائرے میں رہ کر ریزرویشن دے دیا جائے گا، اس لیے انہیں احتجاج کے بجائے یکم دسمبر کو جشن منانا چاہئے کیونکہ حکومت قانونی دائرے میں رہ کر اس ضمن میں اہم ترین فیصلہ کرے گی ۔دراصل بیک کمیشن نے سماجی اور تعلیمی میدانوں میں مراٹھافرقے کو ریزرویشن دینے کی سفارش کی ہے۔نسیم خان نے کہا ہے کہ مراٹھا برادری کو حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے مجوزہ ریزرویشن کا ہم استقبال کرتے ہیں، لیکن اسی کے ساتھ ہم حکومت سے اس بات کا پروزور مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کو دیا گیا ۵ فیصد ریزرویشن فوری طور پر بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کے معاملے میں حکومت نے ہمیشہ ٹال مٹول کا رویہ اپنایا ہے اور تاریخ پر تاریخ دیتی رہی ہے۔ ہم نے ہر اسمبلی اجلاس میں اس معاملے کو اٹھایا، لیکن حکومت نے بار بار وعدہ کرنے کے باوجود اس سمت کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ناگپوکے اسمبلی اجلاس میں مسلم ریزرویشن کا معاملہ اٹھاتے ہوئے میں نے وزیراعلیٰ کے روبرو یہ بات کہی تھی کہ وہ آئین کا بہانہ بناکر مسلم ریزرویشن کے معاملے میں ایوان کو گمراہ کررہے ہیں اور یہ کہ مسلمانوں کو جوریزرویشن سابقہ حکومت نے دیا تھا وہ مذہب کی بنیاد پر نہیںبلکہ پسماندگی کی بنیاد پر تھا، جس کی اجازت آئین میں موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عدالت نے بھی اس کی منظوری دی تھی۔ اگر سابقہ حکومت کا مذکورہ بالا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں ہوتا تو عدالت اسے خارج کردیتی ۔ سابقہ کانگریسی حکومت نے آئین کے دائرے میں مسلمانوں کو ریزرویشن دیا تھا، جس پر جاری کردہ آرڈییننس کو اس حکومت نے لیپس ہوجانے دیا۔ نسیم خان نے کہا کہ جس طرح حکومت مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے کے بارے میں مثبت رخ اپنارہی ہے اور دسمبر میں ریزرویشن دینے کا وزیراعلیٰ کررہے ہیں، اسی طرح مسلمانوں کو بھی دیا گیاریزرویشن فوری طور پر بحال کیا جائے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading