مراٹھواڑہ کے سرسید ثانی رشید انجینئر کی رحلت

ناندیڑاورپربھنی کے ادیبوں ‘شعراءاورصحافیوں کاخراج عقیدت
پربھنی۔10.مئی(ورق تازہ نیوز)مراٹھواڑہ کی مشہور علمی سماجی شخصیت،پربھنی ایجوکیشن سوسائٹی پربھنی اورمراٹھواڑہ اردو اسکولس ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر،سابق ایگزیکٹو انجینئر اور مراٹھواڑہ کے سرسید ثانی عبدالرشید انجینئر کا آج بروز اتوار 10مئی مطابق 16رمضان المبارک کو صبح چھ بجے مختصر سی علالت کے باعث انتقال ہوگا۔سابقہ رکن بلدیہ پربھنی ،88سالہ رشید انجینئر کی نماز جنازہ صبحِ گیارہ بجے راج مسجد میں ادا کی گئی اور اسی قبرستان میں رشتہ داروں اور مداحین نے بہ دیدءہ نم سپردِ خاک کیا۔ان کی اہلیہ کا چند سال پہلے انتقال ہو گیا تھا۔انہیں کوئی اولاد نہیں تھی۔ان کے پسماندگان میں افراد خاندان ہیں۔مرحوم رشید انجینئر ر پربھنی ایجوکیشن سوسائٹی کے بانیان میں شامل تھے۔اس سوسائٹی کے تحت پربھنی اور جالنہ ضلع میں اردو میڈیم کے کئی پرائمری‘ ہائی اسکول ‘جونیئر کالج اور ڈاکٹر ذاکر حسین جونیئر کالج آف ایجوکیشن تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان تعلیمی اداروں سے ہزاروں طلباء زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر زندگی کے مختلف شعبہ جات میں برسر روزگار ہےں۔رشید انجینئرنے غریب مسلمانوں میں تعلیمی بیداری پیدا کرنے کو اپنی زندگی کا مشن بنالیا تھا ۔وہ تعمیرملت حیدرآباد کے نائب صدر تھے ۔
اسی طرح مسلم پرسنل لا بورڈ نئی دہلی کے مدعو رکن تھے ۔سال 1988 میںرشید انجینئر کی سرپرستی میں پربھنی میں”قائد ملت نواب بہادریارجنگ تقاریب“ کاتاریخی انعقاد عمل میں آیاتھا جس میں ہندوستان کے مختلف شہروں کے علاوہ کراچی پاکستان سے دانشور‘مذہبی وعلمی شخصیات نے شرکت کی تھی ۔ناندیڑ سے شائع ہونے والے اردو ہفت روزہ ”تاریخ“ کا”بہادریار جنگ نمبر“ محترم رشید انجینیر کی سرپرستی میںاور اعزازی مدیران محمدتقی ‘ قمراقبال ‘ حلیم جاوید ‘عبدالمعز صدیقی ‘سلیم محی الدین او رمحمداختر کی ادارت میںشائع ہواتھا ۔قمر اقبال ‘ حلیم جاوید اور محمداختر آج ہمارے درمیان نہیں ہیں ۔اس نمبر کےلئے کراچی پاکستان سے وحید الدین خاں بوزئی ‘ حیدر آباد سے کل ہند تعمیر ملت کے سرپرست سید خلیل اللہ حسینی ‘سیاست ‘حیدرآباد کے ایڈیٹر میرعابد علی خاں ‘ ایڈیٹر اورنگ آباد ٹائمز عزیزخسرو نے جامع پیامات ارسال کئے تھے ۔ نمبر کی علمی وادبی حلقوں میں بڑی پذیرائی ہوئی تھی ۔مرحوم انجینئر ادیبوں ‘شاعروں اور صحافیوں کی عزت افزائی کرتے تھے ۔ اپنے ادارے میں کئی ادبی سمینارس ‘ کانفرنسیں ‘کنونشن اورمشاعرے منعقد کئے تھے ۔ ناندیڑ کے ادیبوں ‘شعراءاور صحافیوں ‘سیدبلیغ الدین ثاقب “محمدتقی(صحافی) ‘ڈاکٹرسیدشجاعت علی ‘عبدالملک نظامی ‘وحید اللہ خاں عطاء‘خواجہ منیر الدین ‘محمودعلی سحر ‘محمدسعدالدین صدیقی ‘قاضی محمداطہر الدین‘پربھنی کے قلمکار ابراہیم اختر ‘اقبال مجیدا للہ ‘ڈاکٹرنورالامین ‘صحافی حمید ملک نے اپنے تعزیتی بیان میںرشید انجینئر کے اچانک انتقال پُرملال کو ملت اسلامیہ کا عظیم نقصان بتاتے ہوئے اپنے گہرے رنج و افسوس کااظہار کیا ہے ۔اوراللہ رب العزت سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے ‘لواحقین کوصبرجمیل دے ۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading