نئی دہلی : گجرات کے ایک مزدور نے جو خانگی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا محض 200 روپئے یومیہ کے لالچ میں پاکستان کی ایک جاسوس کو خفیہ اطلاعات فراہم کیں۔ گجرات اے ٹی ایس نے یہ اطلاع دی ۔ اے ٹی ایس نے بتایا کہ دیپیش گوہل گجرات کے دوارکا میں برسر کار تھے ۔
اس کا ایک پاکستانی بحریہ عہدیدار عاصمہ سے فیس بک پر رابطہ ہوا ۔ اے ٹی ایس نے بتایا کہ گوہل نے دوارکا کے اوکھا علاقہ سے حساس تصاویر حاصل کیںاور اسے پاکستان کو روانہ کیا ۔ اے ٹی ایس کے بموجب اس نے پاکستانی جاسوس کو جو حساس معلومات فراہم کی ہیں وہ زیادہ تر ہندوستانی کوسٹ گارڈ سے متعلق ہے ۔
الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے کوسٹ گارڈ جہاز کی نقل و حرکت سے متعلق حساس اطلاعات بشمول ویڈیو بھی پاکستانی جاسوس کو روانہ کیا ہے ۔ گجرات اے ٹی ایس کے عہدیدار کے سدھارتھ نے بتایا کہ ہمیں یہ انٹلی جنس اطلاع ملی کہ اوکھا کا ایک شخص کوسٹ گارڈ کے تعلق سے پاکستانی خفیہ ایجنسی کو واٹس ایپ کے ذریعہ تفصیلات فراہم کر رہا ہے ۔
تحقیقات کے بعد ہم نے دیپیش گوہل کو جو اوکھا کا ساکن تھا گرفتار کرلیا ۔ دیپیش جس فون نمبر سے رابطے میں تھا وہ پاکستان کا تھا ۔