محروم انصاف مسلمانوں کو اقتدار میں منصفانہ حصہ دیا جائے گا:پرکاش امبیڈکر

اورنگ آباد:9اگست( ورق تازہ نیوز) اقتدار کی سیاست سے محروم مسلمانوں کو اقتدار میں منصفانہ حصہ دینے کے لئے ہم تیار ہیں۔ مسلمانوں کوبھی چاہئے کہ وہ جذباتی طور پر سیاست کرنے کے بجائے دماغی قوتوںکا استعمال کریں۔ تاکہ مسلم طبقہ میں عدم تحفظ کا خاتمہ ہوگا اور یہ طبقہ ملک کے مرکزی دھارے میں شامل ہوسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار ونچت بہوجن اگھاڑی کے مختارِ کل ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے کیا۔ وہ اورنگ آباد میں جمعرات کو منعقدہ مسلم ایجنڈہ عنوان پر خطاب کررہے تھے۔

واضح رہے اورنگ آباد میں ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے مسلم ایجنڈہ کے عنوان پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے امبیڈکر نے کہا کہ آج ریاست میں مسلم طبقہ میں عدم تحفظ کے جذبات پیدا کئے جارہے ہیں او ریہ صورتحال 1980ءکے بعد تیزی سے بدل گئی ہے۔ قبل ازیں ایسی صورتحال نہ تھی۔ اس صورتحال کے لئے جس طرح نام نہاد سیاسی پارٹیاں ذمہ دار ہیں کسی حد تک اس کے لئے مسلم طبقہ بھی قصوروار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم طبقہ نے سورن طبقہ کو بڑا کرنے کی سیاست کی ہے۔ تاہم اب اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ جس طرح مدرسہ کی تعلیم پر زور دیا جاتا ہے اسی طرح مسلم معاشرہ کو قومی دھارے میں شامل ہونے کے لئے عصری تعلیم کی شدید ضرورت ہے۔ اس طرف زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ونچت بہوجن اگھاڑی کے ریاستی ترجمان فاروق احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ مراٹھوارہ کے مسلم طبقہ کے مسائل جاننے اور اس علاقہ کے غیر سیاسی مسلم طبقہ کے باشعور لوگوں کو یہاں مدعو کیا گیا ہے۔ جن میں مذہبی قائدین، مختلف سرکاری خدمات سے سبکدوش ہونے والے افسران، وکلاءاور مسلم انجینئرس اور مسلم طبقہ کی ترقی کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے اس میں سرگرم حصہ لینے والے لوگوں کو مدعو کیا گیا ہے جو بڑی تعداد میں موجود ہے۔ مختلف اضلاع سے آئے ہوئے نمائندوں نے مسلم طبقہ کا ایجنڈہ کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ بالخصوص تعلیم، صحت، ملازمتیں اور تحفظ کی ضمانت قابل ذکر موضوعات میں شامل تھے۔

چند افراد نے مسلم طبقہ پر ہونے والے حملے، ماب لنچنگ کے انسداد کے لئے ایٹراسٹی جیسا قانون مدون کرنے اور تین طلاق بل کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی جلسے منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی کہا کہ مذکورہ تمام مطالبات آئندہ اسمبلی انتخابات میں ونچت بہوجن اگھاڑی کے انتخابی منشور میں شامل کئے جائیں۔ تمام کی تجاویز، مشورہ جات کی سماعت کے بعد ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کانگریس کے ہمراہ انتخابی مفاہمت کے موضوع پر انہوں نے کہا کہ میں دل سے چاہتا ہوں کہ انتخابی اتحاد ہوجائے، تاہم دماغ کہتا ہے کہ کانگریس نہیں کرے گی۔ اس پروگرام میں گووند دڑوی، ڈاکٹر غفار قادری، امیت بھوئی گڑھ، مولانا سرور قاسمی، مفتی شکیل صاحب، عثمان سر، عبدالرﺅف وغیرہ موجود تھے۔ پروگرام میں سب سے پہلے فاروق احمد نے اپنے موقف کو واضح کیا۔ محمد قاسم نے پروگرام کی نظامت کی جبکہ ایڈوکیٹ شیخ بلال نے تمام مدعوین و دیگر شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے ڈاکٹر عبدالقدیر، سہیل، جلیل، آجیش آٹوٹے، اکرم خان، حاجی سعید خان، محسن خان، عرفان بھائی، عرفان شیخ وغیرہ نے کافی جدوجہد کی۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading