محبت کی گرماہٹ: کینسر کے مریضوں میں کمبل کی تقسیم
روٹری کلب آف تھانے نارتھ کا سماجی خدمت کا جذبہ قابل تعریف
تھانے (آفتاب شیخ)
سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر روٹری کلب آف تھانے نارتھ نے 100 کینسر کے مریضوں میں کمبل تقسیم کرکے انسانی ہمدردی کی ایک خوبصورت مثال قائم کی۔ یہ سماجی اقدام معاشرے میں ایک مثبت پیغام کا سبب بنا ہے۔
یہ تقریب باندرہ مشرق میں واقع ڈاکٹر ارنسٹ بورجیس میموریل ہوم میں منعقد ہوئی، جو ٹاٹا میموریل سینٹر سے منسلک ہے۔ روٹری کلب کی صدر مدھا جوشی، سیکریٹری امول نالے، اور ڈاکٹر نارائن ائیر کی موجودگی میں کمبل اور پھل تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں بورجیس میموریل ہوم کے سپرنٹنڈنٹ ایم بی مالشے اور دیگر عملہ بھی شریک ہوا۔
مدھا جوشی نے اس موقع پر کہا کہ روٹری کلب ہر ماہ ضرورت مندوں کو کھانے کی فراہمی یقینی بناتا ہے، لیکن سردی کے موسم میں گرم کمبل کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار مریضوں میں کمبل تقسیم کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چھوٹا سا قدم مریضوں کے لیے محبت اور حمایت کا پیغام ہے۔
