ای وی ایم کے خلاف عوامی تحریک زور پکڑ رہی ہے راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) نے صدر جمہوریہ کو بھیجے 10 ہزار پوسٹ کارڈ

ای وی ایم کے خلاف عوامی تحریک زور پکڑ رہی ہے
راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) نے صدر جمہوریہ کو بھیجے 10 ہزار پوسٹ کارڈ
تھانے (آفتاب شیخ)
ای وی ایم ہٹاو، جمہوریت بچاؤ" کے نعرے کے تحت راشٹروادی کانگریس پارٹی(شرد چندر پوار) نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو عام شہریوں کی جانب سے 10 ہزار پوسٹ کارڈ بھیجے۔ یہ مہم پارٹی کے اسمبلی لیڈر سابق کابینی وزیر ڈاکٹر جیتندر اوہاڈ کی قیادت میں منعقد کی گئی، جس کا مقصد ای وی ایم کے استعمال پر عوامی شکوک و شبہات کو اجاگر کرنا اور بیلٹ پیپر کے استعمال کی تجویز کو زور دینا تھا۔
ای وی ایم کے مبینہ چھیڑ چھاڑ کے الزامات اور ووٹنگ کے اعداد و شمار میں تضاد نے عوامی اعتماد کو متاثر کیا ہے۔ ڈاکٹر جیتندر اوہاڈ نے زور دیتے ہوئے کہا، "ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ ای وی ایم ہیک ہو چکی ہیں، لیکن چھیڑ چھاڑ کے شواہد موجود ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو عوام جمہوری عمل سے دور ہو جائیں گے۔ بیلٹ پیپر جمہوریت کے اصولوں کے لیے شفاف اور مؤثر حل ہے۔"
تھانے کے ضلع کلکٹر آفس کے باہر منعقدہ دستخطی مہم میں پارٹی کارکنان اور عام عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس دوران عوام کو ای وی ایم کی ممکنہ دھاندلی کے حوالے سے آگاہی دی گئی اور 10 ہزار پوسٹ کارڈ ڈاک خانے کے ذریعے صدر جمہوریہ کو بھیجے گئے۔
پوسٹ کارڈز پر درج مطالبہ تھا کہ "ای وی ایم کا استعمال بند کرکے بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کروائیں تاکہ جمہوریت کو شفاف اور عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔"
ڈاکٹر اوہاڈ نے مزید کہا، "اگر امریکہ جیسے ترقی یافتہ ممالک میں ووٹوں کی گنتی دو دن تک جاری رہ سکتی ہے تو بھارت میں بیلٹ پیپر کا استعمال ممکن ہے۔ جمہوری عمل میں شفافیت عوام کے اعتماد کی ضمانت ہے۔ ہم نے صدر جمہوریہ کو خطوط کے ذریعے اس بات کی اپیل کی ہے کہ جمہوریت کو بچانے کے لیے بیلٹ پیپر دوبارہ متعارف کروایا جائے۔"
اس موقع پر شعبہ خواتین کی ضلع صدر سجاتا گھاگ، راشٹروادی کے ضلع صدر سہاس دیسائی، اور دیگر اہم شخصیات سمیت سینکڑوں کارکنان موجود تھے اور راجیش ساٹم، دلپ نائیک، اور مقصود خان جیسے رہنماؤں نے مہم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading