نئی دہلی، 24 اپریل (ایجنسیز) بھارت رتن سچن رمیش تندولکر آج 46 برس کے ہوگئے۔ ان کے یوم پیدائش کے موقع پر کرکٹ کی دنیا اور بالی ووڈ کی متعدد ہستیوں نے انہیں مبارک باد پیش کی۔
واضح رہے کہ سچن تندولکر نے چھ برس قبل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا تھا لیکن آج بھی پوری دنیا میں ان کے مداحوں کی تعداد بے شمار ہے۔ سچن کی پیدائش کے موقع پر وی وی ایس لکشمن نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’’ ایک بہت ہی خاص کرکٹر اور انسان کو جنم دن کی مبارک باد، سچن نے ہمیں اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو کئی یادگاری لمحات دیئے ہیں ۔ وہ ایک ہیرو تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔
اس کے علاوہ ہندستانی کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں وریندر سہواگ ، ہندستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی ، ٹسٹ ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا راہانے ، لیگ اسپنر امت مشرا ، نوجوان بلے باز پرتھوی شاہ اور جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز کیگیسو ربادا نے بھی سچن کو ان کی یوم پیدائش کے موقع پر انہیں مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن نے بھی ٹوئٹ کرکے سچن کو ان کی سالگرہ پر مبارک باد دی۔