پونہ:22جولائی۔(محسن رضا ضیائی) دنیا بھر میں اپنے دینی، علمی، ملی، سماجی، قومی، تعمیری، رفاہی اور فلاحی کاموں کے لیے مشہور رضا اکیڈمی کے وفد نے آج درگاہ حضرت یاسین جُھگ کے احاطے میں واقع دارالعلوم غریب نواز یتیم خانہ، گول ٹیکڑی میں علمائے کرام پونہ سے خصوصی ملاقات کیا اور جمعہ کے روز ضلع کلیکٹر کو علمائے اہل سنت پونہ کی طرف سے دیے جانے والے سات نکاتی میمورنڈم اور علما کے آپسی اتحاد و اتفاق کی کھل سراہناکی۔اور بہت سے ملی و قومی مسائل پر تبادلہ¿ خیال بھی کیا۔اس موقع پر رضا اکیڈمی کے بانی و سربراہ جناب الحاج سعید نوری صاحب نے علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حالات خاص طور سے ہجومی واجتماعی تشدد کے حوالے سے بتایا کہ کچھ شرپسند تنظیموں اور انتہا پسند لوگوں کے ذریعے ملک کے حالات کو خراب کرنے کی کوششیں ان دنوں بہت زیادہ تیز ہے۔ ماٰب لنچنگ کے ذریعے وہ جہاں ملک کے پُر امن ماحول کو خراب کرنے کی نارواں کوششیں کررہے ہیں، وہیں اقلیتی طبقات بالخصوص مسلمانوں کو ہجومی و اجتماعی تشدد کا نشانہ بناکر خوف زدہ اور ہراساں بھی کر رہے ہیں۔ یہ واقعات و حادثات نہ صرف کسی ایک جگہ پیش آرہے ہیں، بلکہ پورا ملک اس کی لپیٹ میں ہے۔ حال ہی میں جھارکھنڈ کے تبریز انصاری کی ماٰب لنچنگ کا ایک ایسا دردناک اور دل دوز واقعہ پیش آیا، جس نے پوری دنیا کے امن اور جمہوریت پسند لوگوں کے دلوں کو ہلاکر رکھ دیا۔ اس واقعے سے پوری دنیا میں ہندوستان کی بہت زیادہ شبیہ خراب ہوئی ہے۔ اس واقعے کے بعد سے اب تک اور بھی مزید پانچ لوگوں کی ماٰب لنچنگ کے ہلاکت خیز حادثات پیش آچکے ہیں۔ تسلسل کے ساتھ ہونے والے واقعات بتاتے ہیں کہ شرپسندوں اور قاتلوں نے قانون کو ہاتھ میں لے لیا ہے، جس سے ملک کا لا اینڈ آرڈر پائے مال ہوچکا ہے، قانون بے سہارا اور بے بس ہوچکا ہے اور حکومت و میڈیا نے ان واقعات و حالات پر پورے طور سے خاموشی کا روزہ رکھا ہوا ہے۔ لہذا ایسے حالات میں علما و ائمہ کرام کی یہ اہم اور بنیادی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ باہم شیر و شکر ہوکر آگے آئیں، اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں اور عوام کی صحیح قیادت و نمائندگی کریں۔ آپ نے مزید علما و ائمہ کرام پر زور دیتے ہوئے یہ بات کہی کہ پونہ شہر و اطراف کے سبھی علما و ائمہ کرام اپنے تمام اختلافات کو بھلاکر آگے آئیں اور لوگوں کے سماجی، ملی اور قومی مسائل کو حل کریں اور حکومتی سطح پر پُر زور آواز اٹھائیں۔ اس کے علاوہ علما و ائمہ کرام پونہ اور رضا اکیڈمی کے درمیان بہت سے امور و مسائل پر گفتگو ہوئی۔ خاص طور سے اس تاریخ ساز میٹنگ میں یہ طے قرار پایا کہ مہاراشٹر بھر کے تمام علمائے اہل سنت عروس البلاد ممبئی میں مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر دھرنا دیں گے اور حکومت کو ملک میں پیش آنے والے بے رحمانہ، ظالمانہ اور بہیمانہ واقعات و حادثات پر ایکشن لینے کے لیے مجبور کریں گے۔ ان شاءاللہ تعالیٰ یہ دھرنا علمائے پونہ اور رضا اکیڈمی کی مشترکہ کوششوں اور محنتوں سے جلد ہی روبہ عمل لایا جائے گا۔اخیر میں علما و ائمہ کرام پونہ نے جناب سعید نوری صاحب اور ان کے شرکائے سفر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔