مائیکروسافٹ کا 69 ارب ڈالرز میں ویڈیو گیم کمپنی خریدنے کا اعلان

مائیکروسافٹ نے منگل کو امریکی گیمنگ کمپنی ایکٹویژن بلیزرڈ کو خریدنے کے لیے 69 ارب ڈالرز کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایکٹویژن بلیزرڈ ’کال آف ڈیوٹی، کینڈی کرش، ڈیابلو اور ورلڈ آف وار کرافٹ‘ جیسی کامیاب ویڈیو گیمز بنانے کے لیے جانی جاتی ہے۔تاہم اس کمپنی پر خواتین کے خلاف جنسی ہراسانی اور امتیازی سلوک کا الزام بھی ہے۔ اس اعلان کے بعد ایکٹویژن بلیزرڈ کے حصص کی قیمت میں یک دم 37 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

مائیکروسافٹ نے اپنے بیان میں کہا ’یہ کمپنی خریدنا مائیکروسافٹ کے موبائل، پی سی، کنسول اور کلاؤڈ میں گیمنگ سے متعلقہ صنعت کو تیز رفتار ترقی دے گا اور میٹاورس کے لیے بلڈنگ بلاکس فراہم کرے گا۔‘یہ معاہدہ مائیکروسافٹ کے لیے دور رس کاروباری امکانات رکھتا ہے کیونکہ مائیکروسافٹ میٹا (سابقہ فیس بک) جیسی ایک ورچوئل دنیا بنانے کے لیے ٹیکنالوجیز کے مقابلے میں ہے۔

درحقیقت، مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیا نڈیلا پہلے ٹیکنالوجی سی ای او تھے جنہوں نے میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ سے مہینوں پہلے میٹاورس کی قدر کو عوامی طور پر تسلیم کیا تھا۔آج تمام ورچوئل ورلڈ پر گیمنگ کا غلبہ ہے لیکن جلد ورچوئل ورلڈ تمام شعبہ ہائے زندگی پر چھا جائے گی۔

مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیا نڈیلا نے منگل کی صبح ڈیل سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ’جب ہم سوچتے ہیں کہ میٹاورس کیا ہو سکتا ہے، تو ہمیں یقین ہے کہ وہاں ایک سینٹرلائزڈ میٹاورس نہیں ہو گی (مطلب ایک سے زیادہ ورچوئل ورلڈ)۔‘

گویا وہ سافٹ ویئر کمپنیوں کے لیے مستقبل میں بہت سی مختلف ورچوئل دنیائیں بنائے جانے کے امکانات دیکھ رہے ہیں۔ نیز میٹا سے کاروباری مسابقت کے حوالے سے بھی یہ ان کا کھلا اعلان ہے۔یاد رہے 69 ارب ڈالرز رقم اس قیمت سے بھی زیادہ ہے جو مائیکروسافٹ نے 2016 میں لنکڈ ان خریدنے کے لیے ادا کی تھی۔ لنکڈ ان 26 ارب ڈالرز میں خریدا گیا تھا۔

یہ گیمنگ میں مائیکروسافٹ کا سب سے بڑا قدم ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ معاہدہ مکمل ہو جانے کی صورت میں آمدنی کے لحاظ سے یہ دنیا کی تیسری بڑی گیمنگ کمپنی ہو گی۔Tencent اور Sony کمپنیاں اس وقت بالترتیب اول اور دوم نمبر پر ہیں۔ مائیکروسافٹ ایکٹیویژن بلیزرڈ کی بہت سے گیمز کو ایکس باکس میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ایکس باکس گیم پاس کے دنیا بھر میں اب تک 25 ملین سبسکرائبرز موجود ہیں اور پہلے بھی اس کمپنی کی بہت سی گیمز ایکس باکس میگا ہٹ کے طور پر خود کو منوا چکی ہیں۔مائیکروسافٹ کا یہ معاہدہ ایکٹیویژن بلیزرڈ کے خلاف جنسی ہراسانی کے دعوؤں کے باوجود سامنے آیا۔گذشتہ جولائی میں کیلی فورنیا ڈیپارٹمنٹ آف فیئر ایمپلائمنٹ اینڈ ہاؤسنگ نے ایکٹیویژن بلیزرڈ پر ’مسلسل جنسی ہراسانی‘ کے کلچر کو فروغ دینے کا مقدمہ دائر کیا جس کے بعد مزید ملازمین کی جانب سے کمپنی کے اندر ’جنسی بدانتظامی‘ کے دیگر الزامات سامنے آئے۔کمپنی کو ستمبر میں ’یو ایس ایکول ایمپلائمنٹ کمیشن‘ کے ساتھ 18 ملین ڈالر کا تصفیہ بھی کرنا پڑنا۔

مائیکروسافٹ تاحال اس کی تفصیل جاری نہیں کر رہا کہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے کیا لائحہ عمل اپنائے گا۔مائیکروسافٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمپنی کے موجودہ سی ای او بوبی کوٹک بدستور اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے اور وہ ایکس باکس کے سربراہ فل سپینسر کو رپورٹ کریں گے۔

Leave a comment