نئی دہلی، 24 مئی (یو این آئی) سینئر مسلم لیگی لیڈر سید پرویز قیصر نے بعض اخبار میں شائع اس خبر کو نامکمل اور غلط قرار دیا ہے جس میں اس مرتبہ لوک سبھا میں مسلمان ممبران کی تعداد22 بتائی گئی ہے۔
سید پرویز قیصر کے مطابق مسلم ممبران کی جو فہرست شائع ہوئی ہے اس میں انڈین یونین مسلم لیگ کے تین میں سے دو فاتح ممبران کے نام شامل نہیں ہیں۔کیرل کی نشست مالا پورم سے مسلم لیگ کے قومی جنرل سکریڑی کنہ علی کٹی نے599873 ووٹ حاصل کرکے260153 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
تامل ناڈو میں رام ناتھ پورم میں مسلم لیگ کے کے نواز کانی نے 469943 ووٹ حاصل کرکے بھارتیہ جنتا پارٹی کے نیا نار ناگندرن127122 ووٹوں سے شکست دی۔ اس نشست پر مسلم ووٹران کی تعداد دس فیصد سے بھی کم ہے ۔
کیرل کی پارلیمانی نشست پونانی سے مسلم لیگ کے ای ٹی محمد بشیر نے521824 ووٹ حاصل کئے اور 193273 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
خبر میں اے ایم عارٖف کو مسلم لیگ کا نمائندہ بتایا گیا ہے جبکہ وہ سی پی ایم کے ٹکٹ پر کیرالہ سے جیتنے والے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ اسی خبر میں محمد اکبر لون کو پیپلز کانفرنس کا نمائندہ بتایا گیا ہے جبکہ ان کا تعلق نیشنل کانفرنس سے ہے۔
سید پرویز قیصر کے مطابق اس مرتبہ مسلم سیاسی پار ٹیوں کے کارکردگی گذشتہ انتخابات کے مقابلے اچھی رہی ہے۔
