نئی دہلی:(ایجنسیز)حکومت نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے عہد کا اعلان کرتے ہوئے لوک سبھا میں پیر کو بتایا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے مجرم کو بخشا نہیں جائے گا، بھلے ہی وہ کسی بھی ذات، مذہب، فرقہ یا خطے کا کیوں نہ ہو۔ حکومت نے پاکستان جیسے ملک کے باز نہ آنے پر سرجیکل اسٹرائک اور بالاکوٹ کی طرح فضائی حملوں کے راستے بھی اپنانے کے عہد کا اعادہ کیا۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے قومی جانچ ایجنسی ترمیمی بل 2019 پر بحث میں مداخلت کرتے ہوئے متعلقہ بل کے قانون بننے کے بعد قانون کے غلط استعمال سے متعلق ارکان کے خدشات کو عبث قرار دیتے ہوئے ایوان کو یقین دلایا کہ مجوزہ قانون کا غلط استعمال ان کی حکومت قطعی نہیں ہونے دے گی۔
دریں اثنا، این آئی اے ترمیمی بل پر بحث کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ اور مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کے درمیان نوک جھونک دیکھنے کو ملی۔ حالانکہ، ووٹنگ کے بعد پیر کو یہ بل لوک سبھا میں پاس ہو گیا۔ اس سے پہلے اویسی نے کہا کہ آپ وزیر داخلہ ہیں تو ڈرائیے مت۔ اس پر امت شاہ نے کہا کہ وہ ڈرا نہیں رہے ہیں۔ لیکن اگر ڈر ذہن میں ہے تو کیا کیا جا سکتا ہے۔این آئی اے ترمیمی بل 2019 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے بی جے پی کے ستیہ پال نے کہا کہ حیدرآباد میں ایک پولیس سربراہ کو ایک لیڈر نے ایک ملزم کے خلاف کارروائی کرنے سے روکا تھا اور کہا تھا کہ وہ کارروائی آگے بڑھاتے ہیں تو ان کے لئے مشکل ہو جائے گی۔ اس پر ایم آئی ایم لیڈر اسدالدین اویسی اپنی جگہ پر کھڑے ہو گئے اور کہا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ جس بات چیت کا ذکر کر رہے ہیں اور جن کی بات کر رہے ہیں وہ یہاں موجود نہیں ہیں۔ کیا بی جے پی رکن اس کے ثبوت ایوان کی میز پر رکھ سکتے ہیں؟۔ایوان میں موجود وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ جب ڈی ایم کے کے رکن اے راجا بول رہے تھے تو اویسی نے کیوں نہیں ٹوکا؟ وہ بی جے پی کے رکن کو کیوں ٹوک رہے ہیں؟ الگ الگ معیار نہیں ہونا چاہئے۔اس پر اویسی نے کہا کہ آپ وزیر داخلہ ہیں تو مجھے ڈرائیے مت، میں ڈرنے والا نہیں ہوں۔ شاہ نے اویسی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو ڈرایا نہیں جا رہا ہے۔ لیکن اگر ڈر ذہن میں ہے تو کیا کیا جا سکتا ہے۔