لاتور اور ناندیڑ میں جوئے کے اڈوں پر ڈی آئی جی اسکواڈ کے چھاپے ساڑھے تین لاکھ نقدی، 27 موبائل فون اور اسلحہ برآمد

ناندیڑ (نمائندہ خصوصی):ناندیڑ رینج میں غیر قانونی کاروبار کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) شری شاہاجی اُماپ کی ہدایت پر لاتور اور ناندیڑ میں چل رہے جوئے کے اڈوں پر چھاپے مارے گئے۔ اس کارروائی میں ساڑھے تین لاکھ روپے سے زائد نقد رقم، 27 موبائل فون، جوئے کا سامان اور ایک دیسی پستول کے ساتھ تین زندہ کارتوس برآمد کیے گئے۔

ڈی آئی جی شاہاجی اُماپ کے احکامات پر اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر شری شری رام ماچے واڈ اور 5 اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے 27 جنوری 2026 کو لاتور ضلع کے اُدگیر دیہی پولیس تھانہ حدود میں نائک چوک پر واقع رمیش گیری کے جوئے کے اڈے پر چھاپہ مارا۔ اس دوران 1,05,200 روپے نقدی اور 70 ہزار روپے مالیت کے 12 موبائل فون، کل 1,75,200 روپے کا سامان ضبط کیا گیا۔ اس معاملے میں 13 ملزمان کو حراست میں لے کر اُدگیر دیہی پولیس تھانے میں جرم نمبر 41/2026 کے تحت مہاراشٹر جوئے قانون کی دفعات 4 اور 5 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

اسی طرح 30 جنوری 2026 کو ناندیڑ شہر کے اِتوارہ پولیس تھانہ حدود میں واقع مچھلی مارکیٹ کے جوئے کے اڈے پر کارروائی کی گئی۔ وہاں 25 افراد سے 2,34,100 روپے نقدی اور 4,28,000 روپے مالیت کے 27 موبائل فون، مجموعی طور پر 6,62,100 روپے کا سامان ضبط کیا گیا۔ اس سلسلے میں اِتوارہ پولیس تھانے میں جرم نمبر 32/2026 کے تحت مہاراشٹر جوئے قانون کی دفعہ 12(اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

اسی کارروائی کے دوران پولیس نے جےکشن عرف جے راجیش سنگھ ٹھاکر (عمر 21 سال، ساکن الہاس نگر، تروڈا ناکا) کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے ایک دیسی پستول اور تین زندہ کارتوس، مجموعی مالیت 31,500 روپے برآمد کیے۔ اس پر اِتوارہ پولیس تھانے میں جرم نمبر 31/2026 کے تحت اسلحہ ایکٹ 1959 کی دفعات 3/25 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 40 ہزار روپے نقدی، 5 لاکھ روپے مالیت کے 39 موبائل فون، جوئے کا سامان، ایک دیسی آتشیں اسلحہ اور تین زندہ کارتوس، کل تقریباً 8 لاکھ 68 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا ہے۔

اس کارروائی میں اے پی آئی شری شری رام ماچے واڈ کے علاوہ پولیس ہیڈ کانسٹیبل پردیپ خانسولے، سنجیو جنکلواد، کانسٹیبل گنیش دھومال، کاماجی گاولی اور ولاس سوروسے نے حصہ لیا۔

کامیاب کارروائی پر ڈی آئی جی شری شاہاجی اُماپ نے ٹیم کے افسران اور اہلکاروں کے لیے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ ملزمان کو یہ غیر قانونی کاروبار جاری رکھنے کے لیے مزید کن افراد کی پشت پناہی حاصل تھی۔

ڈی آئی جی شاہاجی اُماپ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے علاقوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع قریبی پولیس تھانے، ناندیڑ رینج پولیس کی ویب سائٹ nandedrange.mahapolice.gov.in یا ’خبر‘ ہیلپ لائن 100 پر دے کر ایسے جرائم کے خاتمے میں تعاون کریں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading