قومی پولیو مہم: پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل
تھانے میں 8 دسمبر کو 1278 مراکز پر مفت ویکسینیشن مہم کا انعقاد
تھانے(آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کارپوریشن کے دائرہ حدود میں حکومت کی رہنما ہدایات کے مطابق، 8 دسمبر 2024 بروز اتوار قومی پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد صفر سے پانچ سال کی عمر کے تمام بچوں کو حفاظتی ویکسین فراہم کرنا، ابتدائی ویکسینیشن، ریگولر اے ایف پی سروے اور پولیو ویکسینیشن مہم کے ذریعے انہیں محفوظ بنانا ہے۔ یہ مہم مہاراشٹر میں 1995 سے ہر سال باقاعدگی سے چلائی جا رہی ہے۔
تھانے میونسپل کارپوریشن کے تحت 1278 بوتھ قائم کیے گئے ہیں جہاں ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کام کے لیے 2556 کارپوریشن ملازمین تعینات کیے گئے ہیں۔ پچھلی مہم میں، 0 سے 5 سال کے 1 لاکھ 78 ہزار 824 بچوں کو ویکسین دی گئی تھی۔
کارپوریشن کے صحت عامہ کے شعبہ کے تحت کام کرنے والے تمام صحت مراکز میں یہ ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ تھانے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے 0 سے 5 سال کے تمام بچوں کو ویکسین ضرور دلائیں۔