فیکٹ چیکر محمد زبیر کو تامل ناڈو حکومت نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈ سے نوازا

چینائی: چیف منسٹر تاملناڈو ایم کے اسٹالن نے جمعہ کے روز ریاستی حکومت کا ایوارڈ برائے فروغ فرقہ وارانہ ہم آہنگی فیکٹ چیکر محمد زبیر کو عطا کیا۔

یہ ایوارڈ “تشدد کی روک تھام میں ان کی شراکت کے اعتراف میں” دیا گیا ہے جبکہ محمد زبیر نے سوشل میڈیا میں کئے جارہے ان دعوؤں کو مسترد کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا کہ تامل ناڈو میں امیگرنٹ ورکرس غیرمحفوظ ہیں اور ان پر آئے دن حملے ہوتے رہتے ہیں۔

آلٹ نیوز کے شریک بانی زبیر کو یہاں 75ویں یوم جمہوریہ تقریب میں چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے یہ ایوارڈ پیش کیا۔

ریاستی حکومت نے مارچ 2023 میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر دعوے کئے جارہے ہیں کہ تامل ناڈو میں تارکین وطن کارکنوں پر حملے کئے جارہے ہیں۔

اس طرح کے دعوے کرنے والے ویڈیو کلپس کی صداقت کی تصدیق کرنے کے بعد زبیر نے آلٹ نیوز کی ویب سائٹ پر یہ واضح کر دیا کہ اس طرح کے دعوے جھوٹے ہیں اور اس طرح کے حملے تامل ناڈو میں بالکل نہیں ہوئے ہیں۔