نا ندیڑ:2جون( ورق تازہ نیوز)آج مورخہ 2 جون 2025 کو ضلع کلکٹر راہول کرڈیلے، اپوایب ڈویڑن آفیسر ڈاکٹر سچن کھللال، اور تحصیلدار سنجے وارکڈ کی رہنمائی میں صبح 5 بجے تحصیل دفتر ناندیڑ کی محصولی ٹیم نے کارروائی کی۔ اس ٹیم میں نائب تحصیلدار سواپنل وامن راو دیگلور، گرام محصولی افسر رمیش گیری، منوج سرپے، دلیپ پاٹل، مادھو پاٹل، گوپیناتھ کلیانکر، منڈل افسر راجندر شندے، اور محصولی سیوک بالاجی سونٹکے شامل تھے۔
یہ ٹیم مارکنڈ گاو¿ں کے قریب گوداوری ندی کے کنارے گشت کر رہی تھی، اس دوران دو غیر قانونی ریت نکالنے والے انجن اور آٹھ تراشے (تیرتے پلیٹ فارم/کشتی نما سازوسامان) پائے گئے۔کارروائی کے دوران ٹیم نے آٹھوں تراشے نذرِ آتش کر کے تباہ کر دیے اور دونوں انجن ضبط کر کے تحصیل دفتر کے احاطے میں جمع کیے۔ اس کارروائی میں تقریباً 11 لاکھ روپے مالیت کے انجن اور تراشے ضبط کیے گئے۔
اس کارروائی کے وقت ناندیڑ رورل پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر گوالی بھی موجود تھے۔ فی الحال ریت نکالنے والے انجنوں کے مالکان کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ جیسے ہی مالکان کا پتہ لگتا ہے، ان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کی تیاری مکمل ہے۔ یہ معلومات تحصیلدار سنجے وارکڈ نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے دی ہیں۔