ناندیڑ:23؍نومبر(راست): نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کے مبارک موقع پر عطار ۔تنبولی۔منیار ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے محمد علی روڈ پر ایک عطیہ خون کیمپ کاانعقاد عمل میں آیا۔اس کیمپ میں سینکڑوں افراد نے اپنے خون کا عطیہ پیش کیا۔اس موقع پر اے ٹی ایم کمیٹی کے ذمہ داران محمد علی،سید خورشید منیار،شیخ شمیم ،ساجد سر،حافظ جاوید حسین ودیگر موجود تھے۔کیمپ میں کمیٹی کے نوجوانان نے عمدہ خدمات انجام دیں۔کیمپ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے حافظ جاوید حسین نے کہا کہ ہمارے نبیؐ سارے انسانوں کے لئے رحمت ہیں ۔
۔آپؐ نے ہر انسان کی مدد کی اور اپنی امت کو بھی انسانیت کی خدمت کی ہدایت کی۔آج کے حالات میں حادثہ یا بیماری کی صورت میں کسی بھی انسان کو خون کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔اسی لئے آپؐ کی ولادت کے مبارک موقع پر ہم نے بھی مریضوں ،زخمیوں اور ضرورت مندوں کوراحت پہنچانے کے لئے خون دستیاب کرانے کے مقصد سے اس کیمپ کا اہتمام کیا ہے۔انہوںنے بتایا کہ پچھلے چار سالوں سے ہر سال عید میلادالنبیؐ کے موقع پر اے ٹی ایم کمیٹی کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے جاتے ہیں اور انشاء اللہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔