ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز ) ایک ٹیچر کی نابالغ لڑکی کو اپنے افراد خاندان کی مد د سے اغوا کرکے حیدرآباد لے جاکر اس کی عصمت دری کرنے کے معاملے میں ایک نوجوان کو ناندیڑ عدالت نے دس سال قید بامشقت اور آٹھ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے ۔مختصر تفصیل کے مطابق بھاگیہ نگر پولیس سٹیشن میں لڑکی کی ماں نے شکایت درج کروائی تھی کہ اس کی 15سالہ لڑکی کو 3 جنوری 2012 کو اسد خان آصف خان پٹھان اور اس کا بھائی باسط جان عمر 26 سال خان ۔عرفان خان آصف خان اور والدہ فریدہ بیگم نے شادی کا لالچ دے کر اغوا کر لیا تھا۔
اس واقعے کے کچھ دن بعد پولیس نے اس نوجوان اور لڑکی کو حیدرآباد سے اپنی تحویل میں لے لیا تھا اس کے بعد لڑکی کی شکایت پر اسد جان اور اس کے بھائیوں اور والدہ کے خلاف عصمت ریزی کا بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ اس معاملے میں ناندیڑ عدالت میں آج معاملے کی سماعت ہوئی اور جج نے اسد خان کو ملزم قرار دیتے ہوئے دس سال قید بامشقت آٹھ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ باسط خان۔عرفان خان اس کی والدہ فریدہ بیگم کو باعزت بری کردیا ہے۔