ضلع صدر ایم آئی ایم عادل آباد کی فائرنگ ، 3 افراد شدید زخمی ۔ ویڈیو دیکھیں

حیدرآباد : صدر مجلس اتحادالمسلمین ضلع عادل آباد محمد فاروق احمد کی مبینہ فائرنگ میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ اس واقعہ کے بعد ضلع عادل آباد میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس مسٹر وائی ناگی ریڈی کے مطابق جمعہ کی شام 5 بجے تاٹی گوڑہ علاقہ میں بعض مقامی نوجوان کرکٹ کھیل رہے تھے اور اسی دوران دونوں گروپس کے درمیان اچانک تصادم ہوگیا ۔

محمد فاروق احمد صدر مجلس جو سابقہ وائس چیرمین عادل آباد میونسپلٹی ہیں اپنی لائیسنس یافتہ .32 پستول سے سید ضمیر اور سید معتصم پر فائرنگ کردی ۔ جبکہ وہاں پر موجود سید منان بھی اس واقعہ میں زخمی ہوگئے ۔

انہوں نے کہا کہ بعض عینی شاہدین نے یہ بتایا ہے کہ فاروق احمد کے ہاتھ میں پستول کے علاوہ ایک خنجر بھی موجود تھا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر عادل آباد کی II ٹاؤن پولیس مقام واردات پر پہنچ گئی اور محمد فاروق احمد کو فوری اپنی حراست میں لے لیا ۔ زخمیوں کو عادل آباد کے ریمس ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے جہاں پر ان کا علاج جاری ہے ۔ویڈیو دیکھیں

آئی جی مسٹر ناگی ریڈی نے کہا کہ حراست میں لئے گئے ملزم فاروق احمد کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 307 ، 324 ، 506 اور انڈین آرمس ایکٹ کے دفعہ 27 اور 30 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔

پولیس نے بتایا کہ پرانی مخاصمت کے نتیجہ میں یہ واردات پیش آئی ہے اور علاقہ تاٹی گوڑہ میں پولیس پکٹس بھی تعینات کردیئے گئے ہیں ۔ انسپکٹر جنرل وائی ناگی ریڈی نے کہا کہ ملزم کے اسلحہ کے لائیسنس کو منسوخ کرنے کیلئے ضلع کلکٹر و مجسٹریٹ کو مکتوب روانہ کردیا گیا ہے ۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading