شیوسینا کے شعبہ طبی امداد کی فلاحی پہل 115 بچوں کا 2D ایکو معائن ہ، ضرورت مندوں کی مفت سرجری – ایکناتھ شندے: خدمت خلق ہی اصل عبادت

شیوسینا کے شعبہ طبی امداد کی فلاحی پہل

115 بچوں کا 2D ایکو معائنہ، ضرورت مندوں کی مفت سرجری – ایکناتھ شندے: خدمت خلق ہی اصل عبادت

تھانے (آفتاب شیخ)

شیوسینا طبی امداد شعبہ، جوپیٹر اسپتال، ڈاکٹر شریکانت شندے فاؤنڈیشن اور آروگیہ دوت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے شیوسینا کے سربراہ اعلیٰ اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شریکانت شندے اور رودرانش شریکانت شندے کے یوم پیدائش کے موقع پر جیوپیٹر اسپتال میں دل کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کے لیے مفت 2D ایکو معائنہ کیمپ اور سرجری کی سہولت فراہم کی گئی۔

یہ طبی پہل ہر سال دو بار منعقد کی جاتی ہے، اور گزشتہ 8 سالوں میں اس مہم کے ذریعے 5000 بچوں کی کامیاب سرجری جوپیٹر اور واڈیا اسپتال جیسے اداروں میں مکمل کی جا چکی ہے۔ اسی سلسلے کی 16ویں کڑی کے طور پر آج تھانے میں 115 بچوں کے 2D ایکو ٹیسٹ کیے گئے، اس میں سے جن بچوں کو سرجری کی ضرورت ہے، انہیں جوپیٹر اسپتال میں مفت آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ بلڈھانہ سے تعلق رکھنے والے ایک بچے کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث فوری سرجری کا فیصلہ کیا گیا، اور اسے اسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اس موقع پر موجود لوگوں سے خطاب کیا، کیمپ کے منتظمین اور طبی ماہرین کی کوششوں کو سراہا، اور بیمار بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق ہی اصل عبادت ہے، اور اس طرح کے اقدامات دکھی انسانیت کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔

اس تقریب میں سابق ایم ایل اے شاہ جی باپو پاٹل، ڈاکٹر شریکانت شندے فاؤنڈیشن کے صدر ولاس جوشی، شیوسینا سیکریٹری سوشانت شیلار، منگیش چھوٹے، شیوسینا طبی امداد شعبہ تھانے کے ضلعی سربراہ نکھل بڈجڑے، یووا سینا کے باجی راؤ چوان، پروفیسر یشونت گوساوی، ایڈیٹر-ڈی جی 9 نیوز چینل پربھاکر سوریونشی، دھرم ویر ادھیاتمک سینا کے اکشے مہاراج بھوسلے، جوپیٹر اسپتال کے ڈاکٹروں، طبی عملے اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading