شیلا والی دہلی کے حق میں آئیں گے چونکانے والے نتائج: سرجے والا

انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی تشہیر بند ہونے سے پہلے کانگریس نے پریس کانفرنس کر کے بی جے پی اور عآپ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ عآپ دنگل کی سرکار ہے اور بی جے پی دنگوں کی سرکار اور دہلی والے اپنی پرانی والی دہلی چاہتے ہیں۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ دونوں حکومتوں نے شیلا دکشت کی دہلی کو پوری طرح سے تباہ کر دیا ہے اور ان انتخابات میں لوگ دنگل کی سرکار کو الوداع کہنا چاہتے ہیں۔

سرجے والا نے کیجریوال حکومت کی مودی حکومت کے ساتھ سانٹھ گانٹھ کا ذکر کرتے ہوئے ان دس نکات پر روشنی ڈالی جن پر حکومتیں پوری طرح فیل ہوئی ہیں۔ سرجے والا نے تعلیم کے شعبہ پر کیجریوال حکومت کی پول کھولتے ہوئے کہا کہ جس سرکار نے کانگریس کے ذریعہ ایک سال میں چھتیس اسکولوں کے مقابلہ میں صرف چھ اسکول تعمیر کیے ہوں، جس سرکار کے دور میں امتحان میں پاس ہونے کا فیصد زبردست گرا ہو، جس سرکار کے دور میں سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والوں کی تعداد کم ہوئی ہو، جس سرکار کے دور میں کوئی نئی یونیورسٹی یا پولی ٹیکنک تعمیر نہ ہوئی ہو اس سرکار کے بارے میں کیسے کہا جا سکتا ہے کہ اس نے تعلیم کے شعبہ میں بہت کام کیا ہے۔

سرجے والا نے آلودگی، طبی سہولیات، پبلک ٹرانسپورٹ اور پبلک ڈسٹریبیوشن میں زبردست بدعنوانی کے مدوں پر کیجریوال حکومت پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹوں کی سرکار ہے اور اس کی قیادت کرنے والے جھوٹوں کے سردار ہیں۔ سرجے والا نے کہا مودی اور کیجریوال دونوں کے ڈائریکٹر آر ایس ایس ہے۔

سرووں میں کانگریس کو سیٹیں نہ ملنے کے سوال کے جواب میں سرجے والا نے کہا کہ ہریانہ میں کانگریس کو تمام سروے دو سیٹیں دے رہے تھے لیکن کانگریس کو 31 سیٹیں ملیں اس لئے ہمارا سروے دہلی کے عوام کے پاس ہے اور دہلی کے نتائج چونکانے والے ہوں گے۔

سرجے والا نے کہا کہ کیجریوال اور مودی دونوں نوجوانوں کے لئے بہت نقصاندہ ہیں کیونکہ ان دونوں نے نوجوانوں کی نوکری کے لئے کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔ انہوں نے مودی اور کیجریوال کی چٹکی لیتے ہوئے کہا ’’جھگڑالو تاؤ اور جھگڑالو چاچا کی وجہ سے دہلی میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔‘‘

بی جے پی اور عآپ کی انتخابی تشہیر کے مقابلہ کانگریس قیادت کی تشہیر میں کمی کے سوال کے جواب میں سرجے والا نے کہا کہ میڈیا نہ دیکھنا چاہے تو الگ بات ہے لیکن کانگریس کے تمام وزراء اعلی نے انتخابی تشہیر میں شرکت کی، کانگریس کی اعلی قیادت نے انتخابی تشہیر میں حصہ لیا اور مقامی تمام کانگریسی رہنماؤں نے پورے جوش کے ساتھ پارٹی امیدواروں کے لئے تشہیر کی۔ سرجے والا نے مودی کی کانگریس رہنماؤں کے خلاف بھدی زبان استعمال کرنے کے لئے تنقید کرتے ہوئے کہا ’’ان کے پھٹے بول ہیں اور بھدے بول ہیں۔‘‘

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading