ناندیڑ، 9 اگست: (ورق تازہ نیوز)ناندیڑ شہر کے تروڑہ علاقے کی راہل کالونی میں ہفتہ کی رات ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ذہنی دباؤ کا شکار 26 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر اپنی والدہ پر بیٹ اور لوہے کی راڈ سے حملہ کرکے انہیں قتل کردیا اور اس کے بعد خود بھی پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ اس واقعے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ خاتون کی شناخت بھارتی بالاجی چوتھرے کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ خودکشی کرنے والے نوجوان کا نام پرتیک بالاجی چوتھرے بتایا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق راہل کالونی میں بھارتی چوتھرے اپنے بیٹے پرتیک کے ساتھ رہتی تھیں۔ ان کے شوہر بالاجی سوپان چوتھرے بھارتی فوج کے سی آر پی ایف میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ ان کی بیٹی پراچی تعلیم کے سلسلے میں پونے میں رہتی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ پرتیک گزشتہ تقریباً پانچ، چھ سال سے ڈپریشن کا شکار تھا اور گزشتہ کچھ دنوں سے ڈاکٹر جوشی کے زیرِ علاج تھا۔ ذہنی دباؤ کے دوران ہی اس نے اپنی والدہ پر بیٹ اور لوہے کی راڈ سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت ہوگئی۔
بعد ازاں پرتیک نے بھی پھانسی لگا کر اپنی زندگی ختم کرلی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھاگیہ نگر پولیس کے ساتھ اعلیٰ پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔