شرد پوار کی طبیعت پھر خراب، جسم میں پانی کی کمی کی شکایت کے بعد اسپتال میں داخل

پونہ :مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ اور این سی پی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوار کی طبیعت ایک بار پھر خراب ہوگئی ہے۔ انہیں پونے کے روبی ہال کلینک میں داخل کرایا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق اتوار کے روز صبح شرد پوار کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا۔ ان کی بیٹی اور ایم پی سپریہ سولے فی الحال ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے اطلاع دی۔

سپریا سولے نے سوشل میڈیا پراپنی پوسٹ میں کہا کہ میں اس وقت بابا کے ساتھ ہوں، ان کے کچھ ٹیسٹ ہونے ہیں۔ وہ تھوڑی کمزوری محسوس کر رہے ہیں اور پانی کی کمی کا شکار بھی پائے گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق 85 سالہ شرد پوار کو ہلکا ڈی ہائیڈریشن (جسم میں پانی کی کمی) ہوگیا تھا جس کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ فی الحال ان کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ڈرپ کے ذریعے مائعات دیئے جارہے ہیں۔

بتایا جارہا ہے پچھلے کچھ عرصہ سے ان کی طبیعت ٹھیک نہیں چل رہی ہے۔ بھتیجے اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت کے بعد سے ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے لگی۔ سینے میں کف کی شکایت کے بعد ملک کے بزرگ سیاستداں کو بارامتی سے پونے لے جایا گیا تھا۔ اس دوران ڈاکٹروں کی ٹیم ان کے گھر بھی آئی تھی۔ اب ایک بار پھر انہیں اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ ان کی حالت فی الحال مستحکم ہے حالانکہ کچھ ضروری طبی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading