شاہین باغ میں فائرنگ کرنے والے شخص پر سیاست شروع، عآپ-بی جے پی میں الزام تراشیاں

دہلی کے شاہین باغ میں گولی چلانے کے معاملے میں گرفتار کپل گوجر کے عام آدمی پارٹی (عآپ) سے جڑے ہونے کے دہلی پولس کے دعوے کے بعد بی جے پی نے جارحانہ رخ اختیار کیا ہوا ہے۔ دہلی پولس کے انکشاف کے بعد بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈّا نے منگل کی دیر شام بیان جاری کر عآپ اور وزیر اعلی اروند کیجریوال کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ دوسری طرف مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے دہلی پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کر کے کہا کہ کیجریوا اور ان کی پارٹی پوری طرح بے نقاب ہو گئی ہے۔


بی جے پی کے قومی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’کیجریوال اور اس کی پارٹی نے ملک کو بانٹنے والا بیان دینے والے ٹکڑے ٹکڑے گینگ کو بچا کر رکھا ہے۔ شرجیل امام کے حق میں سیاسی پاسے پھینکے تھے، لیکن جب دہلی پولس نے اسے پکڑ لیا تو ان کے منصوبوں پر پانی پھر گیا، پھر انھوں نے عآپ کے کارکن سے گولی چلوا دی۔‘‘ جے پی نڈّا نے کہا کہ ’’ملک اور دہلی کی عوام نے آج عآپ کا گندا چہرہ دیکھا۔ سیاسی لالچ کے لیے کیجریوال اور ان کے لوگوں نے ملک کی سیکورٹی تک کو بیچ دیا۔ پہلے کیجریوال فوج کی بے عزتی کرتے تھے اور دہشت گردوں کی وکالت، لیکن آج تو ان کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے والوں سے رشتے سامنے آ گئے۔‘‘

دوسری طرف عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ نے اس کا جواب دیتے ہوئے الٹا بی جے پی پر ہی الزام عائد کر دیا ہے۔ انھوں نے دہلی پولس پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’ابھی تک پوری جانچ بھی نہیں ہوئی تھی۔ ایک ذمہ دار پولس اہلکار (ڈی سی پی راجیش دیو) کیسے پارٹی کا نام لے سکتے ہیں۔ انتخابی کمیشن کی اجازت کے بغیر کوئی بھی انتخاب سے پہلے کسی پارٹی کا نام نہیں لے سکتا۔ آخر کس کے کہنے پر سبھی تصویریں میڈیا تک پہنچا دی گئیں۔


سنجے سنگھ نے اس کے بعد کچھ دوسری تصویریں میڈیا کے سامنے پیش کیں۔ تصویر دکھاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی لیڈروں، وزرائے اعلیٰ اور مرکزی وزراء کی تصویریں دھرو سکسینہ، پھلاہار بابا، چنمیانند، بابا رام رحیم، آسا رام باپو کے ساتھ ہیں۔ ان جرائم پیشوں کے ساتھ بی جے پی کے سرکردہ لیڈروں کی تصویر ہونے سے یہ تو ثابت نہیں ہو جاتا کہ یہ بھی ان کے گناہوں میں شامل ہیں۔‘‘ سنجے سنگھ کا اشارہ اس طرف تھا کہ صرف تصویر دکھا کر بی جے پی یہ ثابت نہیں کر سکتی کہ شاہین باغ میں فائرنگ کرنے والے شخص کا رشتہ عآپ سے ہے۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading