نئی دہلی: سپریم کورٹ دارالحکومت کے شاہین باغ میں جاری دھرنا اور مظاہرہ کو ختم کرنے کے لئے جمعہ کو عرضی کی سماعت کرے گا۔ درخواست گزار نند کشور گرگ نے معاملے کی جلد سماعت کے لئے کل چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے کی سربراہی والی ڈویژن بنچ کے سامنےمعاملے کا خصوصی طور پر ذکر کیا، جس میں درخواست گزار سے کہا گیا ہے کہ وہ اس کیس کی جلد سماعت کے لئے مینشننگ رجسٹرار سے رجوع کرے۔
گرگ کے رجسٹرار کے سامنے خصوصی ذکر کرنے کے بعد عرضی کی سماعت کے لئے اب 7 فروری جمعہ کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔ بنچ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شاہین باغ میں جاری احتجاج کو ختم کیا جائے تاکہ کلندی کنج اور شاہین باغ کا راستہ دوبارہ کھولا جاسکے۔ اس کے لئے عدالت مرکزی حکومت اور متعلقہ محکمہ کو حکم دے۔
درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ عدالت مرکزی حکومت کو عوامی مقامات پر دھرنا اور مظاہرہ پر پابندی کے لئے رہنما اصول جاری کرنے کا حکم دے۔ کالندی کنج شاہین باغ راستہ بند ہونے کی وجہ سے مسافروں کو ہونے والی تکلیف کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست میں کہا گیا ہے کہ لوگ ڈی این ڈی فلائی اوور اور آشرم جیسے متبادل راستوں سے سفر کرنے پر مجبور ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کا قیمتی وقت اور ایندھن کی بربادی ہو رہی ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو