اورنگ آباد:(راست)کل جماعتی وفاق مہاراشٹر و مسلم نمائندہ کونسل، اورنگ آباد، نے موجودہ مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کردہ وقف ترمیمی قانون کو ایک منصوبہ بند سازش اور ملتِ اسلامیہ کی دینی خودمختاری پر کھلا حملہ قرار دیا ہے۔ یہ قانون نہ صرف ہمارے مذہبی تشخص کو مجروح کرتا ہے بلکہ ہمارے آبا و اجداد کی دی ہوئی امانتوں و وقف جائیدادوں پر بھی شب خون کے مترادف ہے۔کونسل نے اپنے بیان میں کہا کہ”یہ وہی اوقاف ہیں جو ہمارے بزرگوں نے اللہ کی رضا، دین کی خدمت اور امت کی فلاح کے لیے اپنے خون پسینے کی کمائی سے وقف کی تھیں۔
آج انہی متبرک جائیدادوں کو قانونی ترامیم کے ذریعے ہم سے چھیننے کی کوششیں کی جا رہی ہے۔”اسی پس منظر میں، کونسل امتِ مسلمہ، بالخصوص علماء، ائمہ کرام اور عوام الناس سے دردمندانہ اپیل کرتی ہے کہ
"آنے والے جمعہ کو نمازِ جمعہ کے دوران سیاہ پٹیاں باندھ کر پرامن احتجاج ریکارڈ کرائیں، اور اپنی ایمانی حمیت کا مظاہرہ کریں۔”
مزید براں، ائمہ کرام سے ادباً و مودبانہ گزارش ہے کہ "جمعہ کے خطبات میں وقف کے تقدس، اس کی شرعی اہمیت اور اس ترمیمی قانون کی سنگینی پر واضح روشنی ڈالیں، تاکہ قوم شعور کے ساتھ اس ظالمانہ قانون کے خلاف اٹھ کھڑے ہو۔”یہ اپیل کل جماعتی وفاق مہاراشٹر و مسلم نمائندہ کونسل کی جانب سے کی جارہی ہے۔