حضرت مفتی محمد خلیل الرحمن صاحب قاسمی کا فکر انگیز خطاب
ناندیڑ: 27دسمبر( شیخ اکرم) ممتاز و محترم عالم دین حضرت مفتی محمد خلیل الرحمن صاحب قاسمی نے انوارالمساجد میں خطبہ جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کارِ نبوت کو مسلمانوں کی اصل طاقت قرار دیا۔ مفتی صاحب نے کہا کہ مسلمان جب اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستہ پر چلتے ہیں تو اللہ تعالیٰ کی مدد و طاقت اُن کے ساتھ ہوتی ہے اور جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی مدد و طاقت ہو وہ کبھی ذلیل و رسوا نہیں ہوسکتے۔
مفتی صاحب نے مزید کہا کہ دنیا میں ایک لاکھ سے زائد پیغمبر آئے۔ نبیوں کی تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ جب بھی کسی نبی کی قوم نبی کے بتائے ہوئے راستہ سے ہٹتی ہے تو پھر ذلت و رسوائی، تباہی وبربادی اُن کا مقدر بنی اور وہ صفحہ ہستی سے مٹ گئی، اگرچہ وہ اپنے زمانے کی ٹیکنیکی و فنی اعتبار سے ترقی یافتہ تھی۔ موجودہ حالات مسلمانوں سے اس بات کا شدت سے تقاضہ کررہے ہیں کہ اسلامی احکامات کو اپنی زندگی میں اپنا کر اور غیر مسلموں کو اسلام کی دعوت دے کر کارِ نبوت کے فریضہ کو انجام دیں۔ ورنہ اللہ تعالیٰ کی نظر میں ہماری کوئی حیثیت نہ رہے گی اور ظالم حکمرانوں کے ظلم کو کوئی روک نہ سکے گا۔
مفتی صاحب نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستہ پر چلنے سے اللہ تعالیٰ کی مدد اور طاقت ہمارے ساتھ ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مدد کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں کرسکتے۔ قرآن میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ ” (سورہ آل عمران :آیت ۱۳۔۲۳، مفہوم) اگر تمہیں اللہ سے محبت ہے تو میری اتباع کرو اور میرے طریقے پر چلو، اللہ بھی تم سے محبت کرے گا، یعنی تمہیں اس اتباع کا بدلہ عطا فرمائے گا اور تمہارے گناہوں کو بخش دے گا۔ اللہ تو بخشنے والے ہیں رحم والے ہیں۔ گویا اللہ تعالیٰ کے نبی ﷺ کی اتباع اللہ کی محبت کی دلیل ہے۔ آخر میں مفتی صاحب نے حضرت موسیٰ علیہ السلام اور صحابہ کرام کے واقعات کو مفصل طور پر بیان کرتے ہوئے اتباع نبی ﷺ کی اہمیت کو مزید واضح کیا۔