ریاض‘ 20جولائی (یو این آئی) سعودی عرب میں حکومت کی جنرل تفریحی اتھارٹی نے قرأت قرآن اور اذا ن کے عالمی مقابلوں کا اعلان کیا ہے جس میں اول مقام حاصل کرنے والے کو بالترتیب پانچ ملین ریال اور دو ملین ریال بطور انعام دئے جائیں گے۔
جنرل تفریحی اتھارٹی(الھیئتہ العامتہ للترفیہ) کے چیئرمین ترکی الشیخ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان مقابلوں میں اب تک 162ملکوں کے 21000سے زائد شرکاء اپنے ناموں کا اندراج کراچکے ہیں۔ ان میں قرأت کے مقابلے کے لئے گیارہ ہزار اور اذان کے مقابلے کے لئے نو ہزار سے زائد شرکاء شامل ہیں۔ ان دونوں ملکوں کے لئے رجسٹریشن کا سلسلہ جولائی کے اواخر تک جاری رہے گا۔ دونوں مقابلوں میں حصہ لینے کے خواہش مند http://quranathanawards.comپر لاگ ان کرکے رجسٹر یشن کراسکتے ہیں۔
درخواستوں کی شارٹ لسٹنگ 23 اگست کو کی جائے گی اور 24 اگست سے 24 ستمبر تک مقابلوں کے ابتدائی مراحل منعقد کئے جائیں گے جب کہ فائنل مقابلے 25ستمبر سے 24اکتوبر کے درمیان ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان مقابلوں کا مقصد اسلامی دنیا کے ثقافتی تنوع سے آگاہ کرنا ہے۔ خیال رہے کہ جنرل تفریحی اتھارٹی کا قیام سعود ی عرب میں تفریحی شعبے کو منظم اور ترویج و اشاعت کے مقصد سے ویزن 2030کے تحت 2016میں عمل میں آیا تھا۔