الریاض،۲۳؍دسمبر
(پی ایس آئی)
سعودی عرب کے شہزادہ طلال بن عبدالعزیز آل سعود ہفتے کے روز انتقال کر گئے ہیں۔ان کی عمر 87 برس تھی اور وہ گذشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے بڑے بھائی اور ارب پتی شہزادہ الولید بن طلال کے والد تھے۔
ان کے بیٹے شہزادہ عبدالعزیز بن طلال نے ٹویٹر پر ان کی وفات کی خبر کی تصدیق کی ہے۔انھوں نے لکھا ہے کہ سوگوار خاندان سے مرد و خواتین اتوار سے منگل تک اظہارِ تعزیت کر سکتے ہیں اور ان تین ایام میں نمازِ مغرب سے نمازِ عشاء کے درمیان تعزیت کے لیے شاہی خاندان کے افراد سے ملاقات کی جاسکتی ہے۔مرحوم شہزادہ طلال بن عبدالعزیز 1931ء میں پیدا ہوئے تھے اور وہ سعودی عرب میں مختلف عہدوں پر فائز رہے تھے۔وہ عرب خلیج فنڈ برائے ترقی کے سربراہ تھے۔
انتقل الى رحمة الله الامير طلال بن عبدالعزيز غفر الله له واسكنه فسيح جناته اليوم السبت، وسيتقبل ابناءه العزاء "للرجال والنساء” بالفاخرية، ايام الاحد، الاثنين والثلاثاء من بعد صلاة المغرب حتى صلاة العشاء
رحمه الله واسكنه فسيح جناته
{انا لله وانا اليه راجعون}
٠١١٤٤٢٢١١١ للاستفسار— عبدالعزيز بن طلال (@AAzizTalal) December 22, 2018
اقوام متحدہ کے تحت یہ ادارہ ترقی پذیر ممالک میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سہولتوں کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے۔سعودی عرب کے شاہی دیوان کے ایک بیان کے مطابق مرحوم شہزادہ طلال بن عبدالعزیز کی نمازِ جنازہ اتوار کو نمازِ عصر کے بعد دارالحکومت الریاض میں جامع مسجد امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی جائے گی۔