سری نگر، 4 نومبر (یو این آئی) جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مصروف ترین تجارتی مرکز ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں پیر کے روز ہونے والے ایک گرینیڈ حملے میں ایک غیر ریاستی شخص جاں بحق جبکہ کم از کم 20 دیگر زخمی ہوگئے۔
12 اکتوبر کو اسی جگہ پر ہوئے ایک گرینیڈ حملے میں ایک خاتون سمیت 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم افراد نے پیر کو دوپہر کے وقت سری نگر کے قلب تاریخی لالچوک سے محض ڈیڑھ سو میٹر کی دوری پر واقع ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں گونی کھن گلی کے نزدیک گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک غیر ریاستی مزدور کی موت واقع ہوئی۔
گرینیڈ دھماکے کی وجہ سے سڑک پر کھڑی کچھ نجی گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوئے اور متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا۔
ریاستی پولیس نے گرینیڈ دھماکے کے لئے جنگجوئوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔