کولمبو: سری لنکا میں عیسائیوں اور مسلم کمیونٹیز کے درمیان شروع ہوئے تنازعہ کے بعد اس کے پرتشدد ہوجانے پر پولیس نے چیلاؤ شہرمیں کرفیولگایاتھا جو آج صبح سے ہٹادیا گیاہے۔ تاہم حکومت نے سوشل میڈیا کے استعمال پرعارضی طورپرپابندی لگادی ہے۔ یادرہے کہ سری لنکا میں مشتعل افراد نے دارالحکومت کولمبو کے قریبی علاقے میں واقع مسجد پر حملہ کردیاتھا۔جس کے بعد پولیس نے ایک مرتبہ پھر کرفیو نافذ کردیاتھا۔ غیر ملکی میڈیا ی رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان رووان گناشیکھرا نے بتایا کہ دارالحکومت کولمبو کے شمال سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع رہائشی علاقے چیلاؤ میں مشتعل ہجوم نے مسجد پر حملہ کیا اور مسلمانوں کے کاروباری مراکز کو بھی نشانہ بنایا۔
کیتھولک اکثریتی علاقے چیلاؤ میں کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا جب ایک یہاں کے ایک مقامی شخص نے غلط فہمی کے باعث فیس بک پوسٹ کو مسیحی افراد کے خلاف خطرہ سمجھا۔پولیس ترجمان نے کہا کہ تبصرہ کرنے والے مسلمان شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کرفیو آج ( پیر کی) صبح ہٹایا گیاہے۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر علاقوں تک کشیدگی پھیلنے سے روکنے کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ حالیہ کشیدگی ایک ایسے وقت میں پیش آئی جب کیتھولک گرجا گھروں نے 21 اپریل کو 3 گرجا گھروں اور 3 ہوٹلز میں ہونے والے دھماکوں میں 258 افراد کی ہلاکت کے بعد اتوار کو عوامی اجتماع کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔حملوں کا الزام مقامی تنظیم پر عائد کیا گیا تھا جس نے داعش کے رہنما ابو بکر البغدادی سے الحاق قائم کیا تھا۔
