امراوتی: امراوتی ٹیچر حلقۂ انتخاب کے سابق رکن اسمبلی شری کانت دیشپانڈے کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ یہ حادثہ جلَمب سے شیگاؤں جاتے ہوئے کھیڑدا گاؤں کے قریب پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق اچانک ایک روہی (نیل گائے) سڑک پر آ جانے کے باعث ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول ختم ہوگیا۔ گاڑی سڑک سے اتر کر تقریباً 20 فٹ نیچے چلی گئی اور اس کے بعد پلٹ گئی۔ حادثے میں گاڑی کو کافی نقصان پہنچا ہے، تاہم گاڑی میں سوار سابق رکن اسمبلی شری کانت دیشپانڈے سمیت تمام افراد خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔
حادثے کے بعد سڑک سے گزرنے والے دو افراد نے فوری طور پر شری کانت دیشپانڈے کی مدد کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے شہری بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ امراوتی ٹیچر حلقۂ انتخاب کی آئندہ ہونے والی انتخابی سرگرمیوں کے پیش نظر شری کانت دیشپانڈے ضلع کے دورے پر تھے۔ اسی دوران کھیڑدا گاؤں کے قریب ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔
خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ حادثے کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں کچھ دیر کے لیے تشویش اور افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔