ماسکو : روسی دارالحکومت میں ہونے والے فٹبال میچ کے دوران ریڈ کارڈ دکھائے جانے پر فٹبالر نے ریفری کی شدید پٹائی کر دی۔ کھلاڑی روس کی قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان شیروکوف تھے۔ ریفری کو کئی گھنٹے ہسپتال میں رہنا پڑا۔ یہ میچ ایک دوستانہ فٹبال میچ تھا جو ماسکو میں اسی ہفتے کھیلا جا رہا تھا۔ کھیل کے دوران ایک لمحہ ایسا بھی آیا کہ ریفری نے ایک مڈ فیلڈ کھلاڑی کو شدید نوعیت کا فاؤل کرنے پر ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر جانے کے لیے کہہ دیا۔

یہ کھلاڑی رومان شیروکوف تھے، جو ماضی میں روس کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔ ریڈ کارڈ ملنے پر اس وقت 39 سالہ شیروکوف اتنے مشتعل ہو گئے کہ انہوں نے ہر قسم کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے پہلے ریفری کے منہ پر ایک زور دار مکہ جڑ دیا۔