ریٹائرڈ صحافیوں کو اب ۲۰ ہزار روپے ماہانہ اعزازی رقم ملے گی
بال شاستری جامبھیکر اعزازی اسکیم: شرائط میں نرمی کا اعلان
(آفتاب شیخ)
ریاستی حکومت نے ریٹائرڈ صحافیوں کے لیے "آچاریہ بال شاستری جامبھیکر اعزازی اسکیم" کے تحت اعزازی رقم کی شرائط میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے اعلان کیا کہ ۱۱ ہزار روپے کی موجودہ اعزازی رقم کو بڑھا کر ۲۰ ہزار روپے کیا جائے گا، اور اس فیصلے پر عمل درآمد آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا۔
یہ اعلان وزیراعلیٰ نے وزارت میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزارت اور ودھان منڈل رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر پرمود دوئیفوڑے نے وزیراعلیٰ کی عزت افزائی کی اور ایوارڈ تقریب میں کیے گئے سابقہ وعدے پر عمل درآمد کا مطالبہ دہرایا۔
ایسوسی ایشن کے صدر دوئیفوڑے نے اس موقع پر کہا کہ سابق وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے مئی ۲۰۲۳ میں سہیادری گیسٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران اعزازی رقم میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔ مارچ ۲۰۲۴ میں حکومت نے ۱۱ ہزار سے ۲۰ ہزار روپے کے اضافے کا جی آر جاری کیا، لیکن عمل درآمد اب تک زیر التوا تھا۔
وزیراعلیٰ فڈنویس نے یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے پر آئندہ ہفتے کارروائی مکمل کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ریاست کے کئی سینئر صحافیوں کو فائدہ پہنچے گا، جو برسوں سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
وزارت اور ودھان منڈل رپورٹرز ایسوسی ایشن کی مسلسل کوششوں اور موثر پیروی کے بعد اس اہم کامیابی کا حصول ممکن ہوا۔ اس تقریب میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری پروین پورو، خزانچی ونود یادو، اور دیگر اراکین کھنڈوراج گائیکواڑ، بھگوان پارب، الوک دیشپانڈے، منوج موگھے سمیت کئی صحافی موجود تھے۔
یہ فیصلہ صحافت کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے سینئر افراد کے احترام اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔