NCP-SP Urdu News 7 Dec 24

مارکرواڑی میں فرضی بیلیٹ پیپر سے ووٹنگ میں کچھ غلط نہیں تھا: شرد پور

کولہاپور: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) کے صدر شرد پوار نے مارکڑواڑی گاؤں کے عوام کو ’فرضی بیلٹ پیپر ووٹنگ‘ سے روکے جانے پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔شولاپور ضلع کے مارکڑواڑی گاؤں میں یہ معاملہ اس وقت توجہ کا مرکز بن گیا جب گاؤں والوں نے 3 دسمبر کو ایک منفرد بیلٹ پیپر ووٹنگ کا تجربہ کرنے کی کوشش کی، جس کا مقصد یہ جاننا تھا کہ ان کے ووٹ کہاں گئے۔ شرد پوار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں کوئی غلط بات نہیں تھی لیکن لوگوں کو اس عمل سے روکا گیا جبکہ منع کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔

مالشیرس حلقہ اسمبلی میں آنے والے مارکڑواڑی نے حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد قومی سطح پر توجہ حاصل کی۔ گاؤں کے لوگوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) پر سوال اٹھاتے ہوئے ’فرضی بیلیٹ پیپر‘ سے ووٹنگ کرنے کا عملی تجربہ کیا، جو این سی پی (ایس پی) کے ایم ایل اے اُتّم راؤ جانکر کی تحریک سے متاثر تھا۔ مگر مقامی انتظامیہ نے اس پر سخت کارروائی کی اور دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے گاؤں والوں کو ووٹنگ میں حصہ لینے سے روک دیا۔ یہاں تک کہ 100 سے زائد افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی گئی، جس کے بعد یہ مسئلہ سیاسی پارٹیوں کے لیے موضوع بحث بن گیا۔

شرد پوار نے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کے اعداد و شمار حیرت انگیز ہیں۔ مہاوکاس اگھاڑی کے اتحادیوں نے مجموعی طور پر زیادہ ووٹ حاصل کیے، لیکن انہیں کم سیٹیں ملیں۔ جبکہ مہایوتی نے کم ووٹ حاصل کر کے زیادہ سیٹیں جیت لیں۔ پوار کے مطابق کانگریس نے 80 لاکھ ووٹ حاصل کیے لیکن صرف 16 ایم ایل اے منتخب ہوئے۔ شیو سینا (شندے) نے 79 لاکھ ووٹ لے کر 57 سیٹیں جیتیں۔ این سی پی (ایس پی) کو 72 لاکھ ووٹ ملے لیکن وہ صرف 10 سیٹیں حاصل کر سکی، جبکہ این سی پی (اے پی) نے 58 لاکھ ووٹوں کے ساتھ 41 سیٹیں جیتیں۔

شرد پوار نے کہا کہ ان اعداد و شمار کے پیچھے کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہے، لیکن وہ بغیر شواہد کے کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے ای وی ایم میں ممکنہ دھاندلی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ بڑی ریاستوں میں کامیاب ہوتی ہے لیکن چھوٹی ریاستوں میں ہار کا سامنا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں بی جے پی کی تاریخی جیت کے باوجود حکومتی اتحاد کے رویے میں کوئی جوش و خروش نظر نہیں آ رہا۔

پوار نے اعلان کیا کہ وہ کل مارکڑواڑی گاؤں جائیں گے اور عوام کے خیالات جانیں گے۔ ان کے دورے کے بعد کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی مارکڑواڑی میں پدیاترا نکالیں گے، جبکہ شیو سینا (یو بی ٹی) کے صدر اُدھو ٹھاکرے اور انڈیا الائینس کے دیگر لیڈران بھی گاؤں کے عوام سے ملاقات کریں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading