افغانستان میں جو کچھ ہورہا ہے اس کا اثر ہمارے ملک پر زیادہ پڑ رہا ہے۔ایک طرف جہاں وہاں سے ہندوستانی سفارتخانہ کے عملے کو صحیح سلامت واپس لانےکا دباؤ تھا وہیں اس کے یہاں پر پڑنےوالے سیاسی اثرات کو بھی نظر انداز نہیں کیاجا سکتا ۔ سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمنٰ برق نے اپنے ایک بیان میں طالبان کا موازنہ مجاہدین آزادی سے کیا جس کے بعد ان کے خلاف کیس درج ہو گیا۔
واضح رہے شفیق الرحمان برق کے بیان کےبعد مخالف پارٹیوں کے لوگ ان کی زبردست تنقید کر رہے تھے اور بی جےپی نے تو ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا۔ اے بی پی نیوز پورٹل پر شائع خبر کے مطابق سنبھل کے ایس پی نے بتایا ’’ہمیں شکایت موصول ہوئی ہے کہ رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمن ٰبرق نے طالبان کا موازنہ مجاہدین آزادی کیا اور ایسے بیان ملک دشمنی کے دائرےمیں آتےہیں اس لئے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ دواورلوگوں نے فیس بک پر ایک ویڈیو میں ایسی ہی بات کہی ہے اس لئےان کےخلاف بھی کیس درج کر لیا گیا ہے۔‘‘