الوداعی تقریب سے طلبہ کو نئی سمت — نئی آبادی اسکول کا منفرد اقدام

اردها پور (شیخ زبیر)

ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول، نئی آبادی میں جماعت ہشتم کے طلبہ کے لیے ایک شاندار اور یادگار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو ان کے آئندہ تعلیمی سفر کے لیے درست رہنمائی فراہم کرنا اور انہیں حوصلہ دینا تھا۔ یہ تقریب طلبہ کے لیے جذباتی ثابت ہوئی، اور اساتذہ و معزز مہمانوں کے لیے بھی طلبہ کو اپنے تجربات اور قیمتی مشورے دینے کا بہترین موقع فراہم کیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ پاک پیش کی گئی اور پورا ماحول روحانیت سے بھر گیا۔ اس کے بعد مہمانوں کا گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سرور سر، جبار سر اور قیوم سر نے مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

اس تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی عبدالرزاق سر شریک ہوئے، جبکہ تعلقہ کے گٹ شکشن ادھیکاری نے بھی اپنی خصوصی موجودگی سے پروگرام کی رونق بڑھائی۔ اس کے علاوہ اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے صدر اور نائب صدر بھی موجود تھے۔ تمام معزز مہمانوں نے اپنے رہنمائی پر مبنی خطابات میں طلبہ کو آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے محنت، نظم و ضبط اور اچھے اخلاق کی اہمیت پر زور دیا اور طلبہ کو اپنے والدین اور اسکول کا نام روشن کرنے کی تلقین کی۔

عبدالرزاق سر نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی محنت، لگن اور ایمانداری سے حاصل ہوتی ہے، جبکہ گٹ شکشن ادھیکاری نے وقت کی قدر اور مسلسل کوشش کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
یہ پروگرام ہیڈ ماسٹر صاحبہ شیخ شاہانہ میڈم کی رہنمائی میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔ خاص طور پر سینئر معلمہ فرزانہ میڈم کی انتھک محنت اور بہترین منصوبہ بندی کو سراہا گیا۔ اسی طرح شبانہ میڈم نے طلبہ کو اخلاقی اور تعلیمی کتب بطور تحفہ پیش کیں، ۔ جسکی وجہ سے مطالعہ کی عادت اور مثبت سوچ کو فروغ ملا۔

اس موقع پر اسکول کے تمام اساتذہ کی نمایاں شرکت رہی۔ سبھی اساتذہ نے اپنی ذمہ داری اور محنت کے ساتھ پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ منصوبہ بندی سے لے کر عمل درآمد تک ہر مرحلے میں اساتذہ کی کاوشیں قابلِ ستائش رہیں، جس کے باعث یہ تقریب منظم، مؤثر اور یادگار ثابت ہوئی۔

پروگرام کی نظامت شیخ موسیٰ سر نے نہایت دلکش اور مؤثر انداز میں انجام دی۔ جس سے پروگرام میں مزید رنگینی پیدا ہوئی۔ اسی طرح موسیٰ سر نے طلباء کو آنے والے وقت میں اپنے کیریئر کے تعلق سے گائیڈ کیا ۔ طلبہ نے بھی اپنے جذبات اور تجربات کا اظہار کیا، جس سے ماحول کافی جذباتی ہوگیا۔ طلبہ نے اساتذہ کے تئیں اپنی قدردانی ظاہر کی اور اپنے روشن مستقبل کے لیے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

آخر میں ہیڈ ماسٹر صاحب نے تمام مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔ ۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading