نئی دہلی: جی ایس ٹی کونسل کے 56ویں اجلاس میں عوام کو بڑی راحت دی گئی۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے اعلان کیا کہ اب روزمرہ کے استعمال کی چیزیں، جان بچانے والی ادویات، کھاد، چھوٹی بائیک اور کاریں سستی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے جی ایس ٹی سلیب کم کر دیے گئے ہیں۔ اب صرف دو جی ایس ٹی سلیب 5 فیصد اور 18 فیصد رہیں گے جبکہ مہنگی اور عیاشی کی اشیاء پر 40 فیصد جی ایس ٹی عائد ہوگا۔
یہ نیا نظام پورے ملک میں 22 ستمبر سے نافذ ہوگا۔وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی پچھلے 8 سے 10 ماہ سے یہ زور دے رہے تھے کہ عام آدمی کو جی ایس ٹی میں ریلیف دیا جائے۔ اسی مقصد کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستوں کے وزرائے خزانہ کا شکریہ ادا کرتی ہوں، کوئی بھی وزیر غیر حاضر نہیں رہا۔ دن بھر گفتگو کے بعد سب نے اس فیصلے کی حمایت کی۔
وقت کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا۔وزیر خزانہ نے اجلاس کے بعد بتایا کہ ہم نے سلیب کم کر دیے ہیں، اب صرف دو سلیب رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی میں یہ اصلاحات عام آدمی کو مدِنظر رکھ کر کی گئی ہیں۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء پر لگنے والے ٹیکس کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور زیادہ تر معاملات میں شرحوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ مزدور پر مبنی صنعتوں، کسانوں، زراعت اور صحت کے شعبے کو اس سے بڑا فائدہ ہوگا۔
**یہ اشیاء سستی اور مہنگی ہو گئیں:
- پیکٹ والا چھینا پنیر: جی ایس ٹی ختم
- ڈرائی فروٹ: 12٪ سے کم ہوکر 5٪
- کھجور: 12٪ سے کم ہوکر 5٪
- مالٹا/سنگترہ: 12٪ سے کم ہوکر 5٪
- کوکوآ چاکلیٹ: 18٪ سے کم ہوکر 5٪
- آم اور امرود: 5٪ جی ایس ٹی برقرار
- آئس کریم: کم ہوکر 5٪
- شوگر کیوبز: 12٪ سے کم ہوکر 5٪
- کھانے کا تیل: کم ہوکر 5٪
- پان مصالحہ، تمباکو مصنوعات، سگریٹ، کولڈ ڈرنکس پر40٪ جی ایس ٹی عائد ہوگا:
- 350 سی سی سے زیادہ کی موٹر سائیکلیں
- ذاتی استعمال کے ہوائی جہاز
- 1200 سی سی سے زیادہ پٹرول کاریں اور 1500 سی سی سے زیادہ ڈیزل کاریں
دیگر اشیاء پر رعایت: - لائف انشورنس اور ہیلتھ انشورنس پالیسی کے پریمیم پر جی ایس ٹی ختم
- سیمنٹ: 28٪ سے کم ہوکر 18٪
- رکشہ و دیگر تین پہیہ گاڑیاں: 18٪
- دستکاری، سنگِ مرمر، گرینائٹ پر 5٪
- تمام ٹی وی سیٹ: 18٪
- چھوٹی کاریں اور 350 سی سی تک کی موٹر سائیکلیں: 18٪
- ہیئر آئل، صابن، سائیکل: 5٪
- 33 جان بچانے والی ادویات: 12٪ سے کم ہوکر صفر (0٪)
