راہل پنگلے نے سنبھالی تھانے شہر کانگریس کی کمان
تنظیم کو دوبارہ مضبوط بنانے اور کارکنان کو متحد کرنے کا بڑا چیلنج

تھانے (آفتاب شیخ)
گزشتہ روز کانگریس پارٹی کی جانب سے راہل پنگلے کو تھانے شہر (ضلع) کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کئے جانے کے بعد کل انہوں نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر سابق صدر ایڈووکیٹ وکرانت چوان نے انہیں کانگریس دفتر کا چارج دیتے ہوئے صدر کی کرسی پر بٹھایا۔ تقریب کے دوران کانگریس کے سینئر لیڈر سبھاش کاناڈے اور موہن تیواری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان اور عہدیداران میں جوش و خروش کا ماحول دیکھنے کو ملا۔
راہل پنگلے طویل عرصہ سے کانگریس پارٹی میں سرگرم کردار ادا کرتے آرہے ہیں اور تھانے کانگریس او بی سی سیل کے صدر، تھانے کانگریس کے چیف ترجمان سمیت مختلف تنظیمی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ پارٹی قیادت نے ان کی تنظیمی صلاحیتوں، عوامی رابطہ مہمات اور سرگرم سیاسی کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں تھانے شہر کانگریس کی اہم ذمہ داری سونپی ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس تقرری کو آئندہ انتخابات کے پیش نظر کانگریس کی اہم حکمت عملی قرار دیا جا رہا ہے۔
بعدازاں راہل پنگلے کو مبارکباد دینے کے لئے بڑی تعداد موجود رہی۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری انیس قریشی سمیت تھانے شہر کانگریس کے مختلف عہدیداران اور بلاک صدور نے ان سے ملاقات کرکے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مبارکباد پیش کرنے والوں میں ایڈووکیٹ جاوید شیخ، اکرم خان، اقبال شیخ، بلال قاسم قریشی، ایڈووکیٹ اومیش سنگھ، ایڈووکیٹ نشیکانت کولی، شریش گھرت، مہیندرا مہاترے، محمد علی مومن اور افسر شیخ، ترون سنگھ و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر شیوسینا کے مقامی کارپوریٹر پون کدم بھی راہل پنگلے کو مبارکباد دیتے نظر آئے۔
پارٹی کارکنان نے امید ظاہر کی کہ راہل پنگلے کی قیادت میں ٹھانہ شہر میں کانگریس تنظیم مزید مستحکم ہوگی اور عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ تقریباً 36 برسوں سے تھانے شہر میں کانگریس کا کوئی منتخب رکن اسمبلی یا رکن پارلیمنٹ نہیں ہے، جبکہ پارٹی کی جانب سے کسی مقامی لیڈر کو ایم ایل سی یا راجیہ سبھا کی نمائندگی بھی نہیں دی گئی۔ اس کے برخلاف تھانے کی سیاست میں دیگر جماعتوں کی مضبوط موجودگی دیکھی جارہی ہے، جہاں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی اور دو اراکین قانون ساز کونسل موجود ہیں، جبکہ شیوسینا کے نائب وزیر اعلیٰ، ایک کابینی وزیر اور دو اراکین پارلیمنٹ سرگرم ہیں۔ اسی طرح این سی پی شرد پوار گروپ کا بھی ایک رکن اسمبلی اور سابق وزیر تھانے میں موجود ہے۔
حالیہ میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کانگریس کو ایک بھی نشست پر کامیابی حاصل نہیں ہوئی، جبکہ مجلس اتحاد المسلمین نے پانچ نشستیں جیت کر اپنی موجودگی درج کرائی۔ دوسری جانب گزشتہ کچھ عرصہ سے پرانے کانگریسی رہنماؤں اور کارکنان کے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایسے میں ناراض کارکنان
اور عہدیداران کو دوبارہ متحد کرنا، انہیں متحرک کرکے میدان میں لانا اور نئی نسل و نئے چہروں کو کانگریس سے جوڑنا راہل پنگلے کیلئے ایک بڑا امتحان تصور کیا جا رہا ہے۔