ممبئی 23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ترجمان شاہنواز حسین نے آج کہاکہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ان کی پارٹی کا انتخابی موضوع نہیں بلکہ اعتقاد کا مسئلہ ہے۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کرنے کے لئے قانون سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ عوام کے احترام و عزت نفس اور یکجہتی و خیرسگالی کے ماحول کو فروغ دینے کے لئے ایسا کرنا ضروری ہے۔ شاہنواز حسین نے کہاکہ بی جے پی کا مسلمہ موقف ہے کہ رام مندر کا مسئلہ سپریم کورٹ میں زیرتصفیہ ہے۔ جمہوریت میں مختلف مطالبات کئے جاتے ہیں اور حکومت ہر مسئلہ کی سماعت کیا کرتی ہے۔ ٹیلی ویژن نیوز چینل ’آج تک‘ کے زیراہتمام ’ممبئی منتھن‘ مذاکرہ میں حصہ لیتے ہوئے شاہنواز حسین نے کہاکہ ’’تمام ہندوستانی چاہتے ہیں کہ مندر تعمیر کیا جائے۔ بی جے پی کے لئے یہ کوئی انتخابی موضوع نہیں ہے بلکہ اعتقاد کا معاملہ ہے‘‘۔ واضح رہے کہ موہن بھاگوت نے گزشتہ جمعرات کو روایتی دسہرہ خطاب میں کہا تھا کہ ’’رام مندر کی تعمیر میں سیاست کے سبب تاخیر ہورہی ہے اور بلاوجہ عوام کا امتحان لینا کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہوگا‘‘۔